نواز شریف نے خنجراب سے گوادر تک ہر مسئلے کو اپنا مسئلہ سمجھ کر ملک کی تعمیر و ترقی اور قوم کی بہتری کیلئے اقدامات کئے‘حافظ حفیظ الرحمن

پیر 19 مارچ 2018 12:00

گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2018ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ ہمارے قائد محمد نواز شریف نے خنجراب سے گوادر تک ہر مسئلے کو اپنا مسئلہ سمجھ کر ملک کی تعمیر و ترقی اور قوم کی بہتری کیلئے اقدامات کئے۔ ان خیالات کا اظہا ر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے سیپ سکول اساتذہ کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہاکہ سیپ سکول اساتذہ کے مسئلے کو 20سالوں سے سنجیدگی سے حل کرنے کیلئے کوشش نہیں کی گئی تھی، بدقسمتی سے پچھلے پانچ سال گلگت بلتستان میں جس جماعت کی حکومت تھی انہوں نے گلگت بلتستان کی خوشحالی اور تعمیر وترقی اورمسائل حل کرنے پر کبھی توجہ نہیں دی، گلگت بلتستان میں ایک کلوٹ تک تعمیر نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ ہم مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کے مشکور ہیں کہ جنہوں نے اپنے دور اقتدار میں گلگت بلتستان کے مسائل حل کئے اور گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں خصوصی دلچسپی لیا۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہاکہ سیپ سکول اساتذہ کو مرحلہ وار مستقل کیا جائے گا جس کیلئے اسی ہفتے اجلاس طلب کیاجارہاہے، محکمہ تعلیم کوہدایت دی ہے کہ اساتذہ کی مستقلی کے حوالے سے ٹی او آرز تیارکئے جائیں، میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، ہم نے رشوت اور سفارش کلچر کا خاتمہ کیا، ماضی میں سفارشی اور رشوت کے کلچر کو فروغ دیا جس کا ہم نے خاتمہ کیا اگر کسی نے بھی سیپ سکول اساتذہ سے مستقلی کے حوالے سے پیسے مانگے تو وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ کے نمبرز پر شکایت کریں ان کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :