ولادیمر پوٹن مزید 6سال کے لیے روس کے صدر منتخب ہوگئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 19 مارچ 2018 11:44

ولادیمر پوٹن مزید 6سال کے لیے روس کے صدر منتخب ہوگئے
ماسکو(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 19 مارچ۔2018ء)روس کے صدر ولادیمر پوٹن مزید 6سال کے لیے روس کے صدر منتخب ہوگئے ہیں-روس کے سینٹرل الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ صدارتی انتخاب میں ڈالے جانے والے ووٹوں کی زیادہ تر گنتی مکمل ہونے کے بعد پوٹن نے 76 فیصد ووٹ حاصل کیے۔روس کے اپوزیشن رہنما اور پوٹن کے سب سے بڑے حریف الیکسی نیوالنی پر ان انتخاب میں حصہ لینے پر پابندی تھی۔

انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد ماسکو میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پوٹن نے کہا کہ ووٹروں نے ان کی گذشتہ چند سالوں کی کامیابیوں کو تسلیم کیا۔روس کے صدارتی انتخابی نتائج کے مطابق پوٹن کو گذشتہ صدارتی انتخاب کے مقابلے میں اس بار زیادہ ووٹ ملے جبکہ انھیں 2012 میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں 64 فیصد ووٹ ملے تھے۔

(جاری ہے)

روس کے سینٹرل الیکشن کمیشن کے مطابق ولادیمر پوٹن کے قریبی حریف پیول گروڈینن کو اب تک 13.2 فیصد ووٹ ملے۔

ولادیمر پوٹن کی انتخابی ٹیم کو ایک بڑے ٹرن آﺅٹ کی امید تھی تاکہ انھیں ممکنہ طور پر مضبوط ترین مینڈیٹ حاصل ہو۔ ان کی انتخابی ٹیم کا کہنا ہے کہ یہ ایک ناقابلِ یقین فتح ہے-روس کے صدارتی انتخاب میں پولنگ کے دن آزاد انتخابی نگرانی کے گروپ گولوس نے دھالندلی کے سینکڑوں الزامات عائد کیے ہیں تاہم سینٹرل الیکشن کمیشن کی سربراہ ایلا پامفیلوفا کا کہنا ہے کہ ابھی تک کوئی سنگین انتخابی خلاف ورزی دائر نہیں کی گئی ہے۔انھوں نے انتخابی خلاف ورزیوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ہم نے ہر اس چیز کا تجزیہ اور نگرانی کی جو ہم کر سکتے تھے شکر ہے کہ اب تک یہ سب کچھ معمول کے مطابق ہے۔