یوم پاکستان کے موقع پر ٹریفک پلان جاری،اسلام آباد میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ 19، 21 اور 23 مارچ کو رات 12 بجے سے لے کر دن 2 بجے تک بند ہو گا

اتوار 18 مارچ 2018 23:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2018ء) یوم پاکستان کے موقع پر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ٹریفک پلان جاری کر دیا۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ 19، 21 اور 23 مارچ کو رات 12 بجے سے لے کر دن 2 بجے تک بند ہو گا۔ لاہور سے آنے والی چھوٹی ٹریفک روات ٹی کراس سے راولپنڈی صدر سے ہوتی ہوئی پشاور جی ٹی روڈ اور موٹروے پر جا سکے گی۔

ایئرپورٹ راولپنڈی سے آنے والی ٹریفک ایکسپریس وے سے ہوتی ہوئی کھنہ پل سے اوپر مڑتے ہوئے لہتراڑ روڈ استعمال کرتے ہوئے کیپٹن نعیم طفیل شہید چوک (ترامڑی چوک) سے بائیں مڑتے ہوئے اور پارک روڈ سے ہوتی ہوئی راول ڈیم چوک سے مری روڈ استعمال کر کے اسلام آباد کے جی سیکٹرز اور کشمیر ہائی وے پر جا سکے گی جبکہ کشمیر چوک سے مڑتے ہوئے بہارہ کہو اور مری بھی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد ایئرپورٹ اور لاہور جانے والی ٹریفک نائنتھ ایونیو استعمال کرتے ہوئے مری روڈ راولپنڈی سے راول روڈ استعمال کرتے ہوئے کورال فلائی اوور سے دائیں ٹرن کرے گی۔ موٹروے سے آنے والی ٹریفک کشمیر ہائی استعمال کرتے ہوئے آبپارہ، بہارہ کہو اور مری جا سکتی ہے۔ فیض آباد تمام قسم کی چھوٹی اور بڑی ٹریفک کے لئے بند رہے گا، چھوٹی ٹریفک مورخہ 19، 21، 23 مارچ کو صبح پانچ بجے تا دو بجے دن تک بند رہے گی۔

ایکسپریس وے کھنہ پل سے لے کر فیض آباد تک چھوٹی ٹریفک مورخہ 19، 21، 23 مارچ کو پانچ بجے صبح تا دن دو بجے تک بند رہے گی۔ فیصل ایونیو زیرو پوائنٹ سے لے کر فیض آباد تک چھوٹی ٹریفک مورخہ 19، 21، 23 مارچ کو پانچ بجے صبح تا دن دو بجے تک بند رہے گی۔ مری روڈ راول ڈیم چوک سے لے کر فیض آباد تک چھوٹی ٹریفک مورخہ 19، 21، 23 مارچ کو صبح پانچ بجے تا دن دو بجے تک بند رہے گی۔ ماسوائے ان تمام افراد کے جن کے پاس اجازت نامہ ہو۔