28سالہ سیاست میں پوری ایمانداری سے سیالکوٹ کی خدمت کی ہے،خواجہ آصف

اتوار 18 مارچ 2018 23:20

سیالکوٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2018ء)وفاقی وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ 28سالہ سیاست میں پوری ایمانداری سے سیالکوٹ کی خدمت کی ہے اور جہاں تک ممکن ہوسکا شہر کی تعمیر و ترقی کیلئے کوشش کی اور اس کے بدلے میں شہر اقبال کے باسیوں نے انہیں بے پناہ محبت اور پیار سے نوازا ہے ۔ یہ بات انہوں نے یونین کونسل پکا گڑھا میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ ، رکن صوبائی اسمبلی چودھری محمد اکرام ، میئر توحید اختر چودھری اور یوسی چیئرمین میاں آصف کے علاوہ مسلم لیگ ن کے مقامی قیادت اور بلدیاتی نمائندوںنے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ وفاقی وزیر خارجہ نے کہا کہ گذشتہ ہفتے ہونے والے واقعہ کا انہیں کوئی ملال نہیں اور وہ اس کو مکمل طور پر فراموش کرچکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ انہیں عاشق رسول اور محب الوطن ہونے کیلئے کسی سے سرئٹفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں ۔انہوں نے کہاکہ وہ جانتے ہیں اس واقعہ کے پیچھے کونسی قوتیں کار فرما ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ مخالفین کو میرے خلاف ہر جگہ پر ناکامی کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ٹربیونل سے ناکامی کے بعد سپریم کورٹ میں بھی ناکام ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ گذشتہ 3دہائیوں سے میاں نواز شریف کے نام سے ووٹ مانگے اور اللہ رب العزت کے بعد دنیا کی کوئی طاقت مجھے میاں محمد نواز شریف کے نام سے ووٹ لینے سے نہیں روک سکتی ۔

انہوں نے کہاکہ میرے حلقہ میں ایک لاکھ مزید ووٹر کا اضافہ ہوا ہے گوہد پور، مراد پور، عدالت گڑھا ہو یا بٹر میں نے میاں محمد نواز شریف کا ووٹ مانگنا ہے۔صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے کہاکہ خواجہ محمدآصف کی قیادت میں شہر اقبال ؒ ترقی کی منازل طے کررہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ خواجہ محمد آصف میرے قائد ہیں اور مجھے ان کا رکن ہونے پر فخر ہے ۔

انہوں نے کہاکہ سبلائم چوک میں شہباز شریف تکمیل کے آخری مرحلے میں داخل ہوچکا ہے جبکہ سمبڑیال روڈ کو بھی از سر نو تعمیر کرکے سیالکوٹ لاہور موٹر وے سے ملایا جائے گا ۔ قبل ازیں وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف اور صوبائی وزیر محمد منشاء اللہ بٹ نے یوسی پکا گڑھا میں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اس موقع پر اہلیان یوسی پکا گڑھا نے ان کا زبردست استقبال کیا ۔