پانچ سال سے سینیٹ کا حصہ رہا ہوں، اس کی بالادستی کا مکمل احساس ہے

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 18 مارچ 2018 23:00

لاڑکانہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2018ء) نومنتخب ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ پانچ سال سے سینیٹ کا حصہ رہا ہوں اس کی بالادستی کا مکمل احساس ہے،گڑھی خدابخش بھٹو میں شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور دیگر شہدا کے مزارات پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی سیاسی بصیرت کے باعث سینیٹ کے انتخابات میں پیپلز پارٹی نے کامیابی حاصل کی اور اب سینیٹ میں دیگر معاملات کے ساتھ چھوٹے صوبوں کے حقوق کی آواز اٹھائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے حوالے سے شیریں رحمٰن کی جانب سے لکھا گیا خط سینیٹ کے عمل کا حصہ ہے، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف اپوزیشن لیڈر کی امیدوار جماعتیں ہیں پہلے مرحلے میں آزاد سینیٹرز کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ کس جماعت میں شامل ہوتے ہیں اس کے بعد جس جماعت کو سینیٹ میں اکثریت حاصل ہوگی اس جماعت کا ہی اپوزیشن لیڈر منتخب ہوجائے گا۔

(جاری ہے)

سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ سینیٹ میں پیپلز پارٹی کی کامیابی کے اثرات آئندہ عام انتخابات پر بھی پڑیں گے، آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے پیپلز پارٹی وفاق میں حکومت بنائے گی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سینیٹر عاجز دھامراہ، مرتضیٰ وہاب، راشد ربانی و دیگر بھی موجود تھے۔ قبل ازیں گڑھی خدابخش بھٹو پہنچنے پر پیپلز پارٹی رہنماؤں و کارکنان نے ان کا استقبال کیا۔

متعلقہ عنوان :