پی ایس ایل کوالیفائر،کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے ہدف دیدیا

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 18 مارچ 2018 22:49

پی ایس ایل کوالیفائر،کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے ..
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18مارچ 2018ء) پاکستان سپر لیگ کے کوالیفائر مقابلے میں کراچی کنگز نے سابق چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 155رنز کا ہدف دیدیا ہے ۔دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کراچی کے پہلے آﺅٹ ہونے والے بلے باز خرم منظور تھے جو محمد سمیع کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوگئے۔اسی اوور میں محمد سمیع نے بابر اعظم کو بھی چلتا کیا جو جارحانہ سٹروک کھیلنا چاہتے تھے تاہم جے پی ڈومنی کو کیچ دے بیٹھے۔

تیسرے آﺅٹ ہونے والے بیٹسمین کپتان این مورگن تھے جو عماد بٹ کی گیند پر جے پی ڈومنی کے ہاتھوں آﺅٹ ہوئے۔جو ڈینلی اور کولن انگرام نے کراچی کی اننگز کو سہارا دیتے ہوئے چوتھی وکٹ کیلئے 82رنز جوڑے جس کے بعد جو ڈینلی 46رنز بنا کر فہیم اشرف کی بال پر بدقسمتی سے ہٹ وکٹ آﺅٹ ہوگئے ،انگرام کے شاندار68رنز کی بدولت کراچی نے مقررہ بیس اوور میں 154رنز سکور کیے ۔

(جاری ہے)

اس سے قبل کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔اسلام آباد کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں اور انجری کا شکار مصباح الحق کی جگہ صاحبزادہ فرحان جبکہ سٹیون فن کی جگہ سمیت پٹیل کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے،دوسری جانب کراچی کنگز کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔آج کے میچ میں ہارنے والی ٹیم کو ایونٹ میں رہنے کےلئے ایک اور موقع ملے گا جو دوسرے کوالیفائنگ میچ کی فاتح ٹیم سے کھیلے گی۔