ْ اقوام متحدہ کا ہیومن رائیٹس کمیشن کشمیر کا دورہ کر کے حالات کا جائزہ لے‘محمد میاں سومرو

اتوار 18 مارچ 2018 21:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2018ء) یوتھ فورم فار کشمیرکے زیر اہتمام مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں پر غوروخوض کیلئے ایک اہم اجلاس زیر صدارت سابق وزیراعظم / چیئرمین سینٹ پاکستان محمد میاں سومرو ایوان کشمیر لاہور میں منعقد ہوا۔اجلاس میں جینیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل کے 37 ویں اجلاس میں کشمیر کی نازک ترین صورت حال اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کے پیش نظر مسئلہ کشمیر کو شام ، فلسطین کے تنازعات کی طرع عالمی تنازعات کی فہرست میں شامل کرنے کا خیر مقدم کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد میاں سومرو نے کہا کہ بھارتی افواج کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی میں مصروف ہیں ۔

(جاری ہے)

نوجوانوں کا بے دریغ قتل عام کیا جا رہا ہے صحافیوں کو حالات کی رپورٹنگ سے روکنے کیلئے اُن پر حملے کرنا اور جھوٹے مقدمات قائم کرنا روز مرہ کا معمول بن چکا ہے ۔ جبکہ عورتوں کی آبروریزی کے بڑھتے ہوئے واقعات انتہائی تشویشناک ہیں ۔

اُنہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ہیومن رائٹس کمیشن کو فوری طور پر کشمیر کا دورہ کر کے حالات کا جائزہ لینا چاییے تاکہ بے گناہوں کا قتل عام روکا جائے اور کشمیر کے فوری مسئلہ کے حل کیلئے کشمیر میں رائے شماری کا اعلان کیا جائے۔اجلاس میں طارق احسان غوری ، قسور سعید مرزا ، نواب ریاض حسین قریشی ، ڈاکٹر عمران اوپل اور ردا خان نے شرکت کی۔