خدمت انسانیت سے بڑھ کر دُنیا میں کوئی چیز نہیںاس کارخیر میں حصہ لینے والے دین اور دُنیا دونوں میں سُرخرو ہوں گے‘رفیق رجوانہ

معاشرے کے ان طبقات جو مختلف مشکلات، تکالیف اور مصیبتوں سے دوچار ہیں ان کے دکھوں کی امداد کے لئے ہمیں خود بخود آگے بڑھ چڑھ کر کام کرنا ہوگا‘گورنر پنجاب

اتوار 18 مارچ 2018 21:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ خدمت انسانیت سے بڑھ کر دُنیا میں کوئی چیز نہیںاور یقینا اس کارخیر میں حصہ لینے والے دین اور دُنیا دونوں میں سُرخرو ہوں گے،معاشرے کے ان طبقات جو مختلف مشکلات، تکالیف اور مصیبتوں سے دوچار ہیں ان کے دکھوں کی امداد کے لئے ہمیں خود بخود آگے بڑھ چڑھ کر کام کرنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل لاہور میں انٹرنیشنل انرویل ڈسٹرکٹ 344پاکستان کے زیراہتمام منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمارا دین مکمل ضابطہ حیات ہے جس میں سب سے زیادہ زور حقوق العباد پر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے زندگی کی راحتیں اور آسائشیں حاصل کرنے والے صاحب ثروت لوگ حقیقت میں ایک آزمائش سے بھی گزر رہے ہیں کہ وہ اپنی دولت کو کس طرح خدمت انسانیت کے لئے خرچ کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو لوگ زندگی کی اس حقیقت کو جان لیتے ہیں وہ خدمت انسانیت کو ہی اپنا شعار بنالیتے ہیں۔ گورنر نے کہا کہ یہ اًمر خوش آئند ہے کہ ہمارے معاشرے میں دکھی انسانیت کا جذبہ رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی خواتین باصلاحیت ، تعلیم یافتہ اور محنتی ہیں جنہوں نے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کی خواتین مردوں کے مقابلے میں کسی طرح بھی پیچھے نہیں بلکہ مردوں کے شانہ بشانہ کام کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کا نام بھی ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا نظر آئے گا۔ گورنر پنجاب نے انٹرنیشنل انرویل ڈسٹرکٹ 344پاکستان کے ادارے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ادارے جو انسانیت کی خدمت کے طور پر کام کررہے ہیں یقینا ہمارے لئے فخر کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے کی ترقی کے لئے ہر فرد کوانفرادی طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔اس موقع پر ادارے کی چیئرمین الٰہی رحمت اور سابقہ چیئر مین ناصرہ عتیق نے ادارے کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان کا ادارہ خواتین کو تعلیم یافتہ اور باہنر بنانے کے لئے کام کارہا ہے تاکہ وہ اپنے پائوں پر کھڑا ہوکر اپنی اور خاندان کی کفالیت کرسکیں۔

متعلقہ عنوان :