پورٹ قاسم کے قریب ریڑھی گوٹھ کے ماہی گیروں پر مقامی وڈیروں کا مسلح حملہ، ایک ماہی گیر ہلاک، 2 شدید زخمی ہوگئے

اتوار 18 مارچ 2018 21:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2018ء) پورٹ قاسم کے قریب ریڑھی گوٹھ کے ماہی گیروں پر مقامی وڈیروں کا مسلح حملہ، ایک ماہی گیر ہلاک، 2 شدید زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ریڑھی گوٹھ کے 5 سے زائد ماہی گیر کشتی میں سوار ہوکر مچھلی کے شکار کیلئے سمندر روانہ ہوئے تو پورٹ قاسم کے قریب اسپیڈ بوٹ میں سوار مقامی وڈیروں نے اپنے مسلح افراد کے ساتھ ان پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں کشتی میں سوار 2 بھائی عثمان ولد حمزہ، غفور ولد حمزہ اور ہاشم گولیاں لگنے کی وجہ سے زخمی ہوگئے، گولیاں لگنے کی وجہ سے عثمان ولد حمزہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقعہ واردات پر ہلاک ہوگیا، جب کے اسپیڈ بوٹ میں سوارمقامی وڈیرے اور ان کے مسلح افراد موقعہ واردات سے فرار ہوگئے۔

ہلاک عثمان اور زخمی غفور کے والد حمزہ نے بتایا کہ مقامی وڈیروں کی طرف سے ریڑھی گوٹھ کے دبلہ محلے کے قریب سینکڑوں ایکڑ زمین پر قبضہ کرنے کے بعد چائنہ کمپنی کو فروخت کرنے کی سازش کیخلاف گذشتہ روز ہم مقامی ماہی گیروں نے شدید احتجاج کیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ مقامی وڈیروں ابوبکر جت اور نواز جت کی طرف سے انتقامی کاروائی کرتے ہوئے پورٹ قاسم کے قریب مچھلی کے شکار میں مصروف ماہی گیروں پر اچانک حملہ کرکے فائرنگ شروع کردی، جس کے نتیجے میں میرے دو بیٹے عثمان اور غفور سمیت 3 ماہی گیر شدید زخمی ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ عثمان گردن میں گولی لگنے کی وجہ سے موقعہ واردات پر ہی ہلاک ہوگیا، جبکہ زخمی غفور اور ہاشم کو ایمبولنس کے ذریعے جناح ہسپتال بھیجا گیا۔ بااثر وڈیروں کے حملے میں زخمی غفورولد حمزہ نے بتایا کہ سمندر میں شکار کے دوران اسپیڈ بوٹ میں سوار ابوبکر جت اور نواز جت نے اپنے مسلح افراد سمیت ہم پر حملہ کرتے ہوئے فائرنگ شروع کردی، جس کے نتیجے میں میرا بھائی عثمان موقعہ پر ہی ہلاک ہوگیا، جبکہ میں اور ہاشم زخمی ہوگئے۔ انہوں بتایا کہ اسپیڈ بوٹ میں سوار حملہ آوروں نے پہلے ہماری کشتی کو ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں کشتی ٹوٹنے کی وجہ سے آہستہ آہستہ ڈوب گئی۔ دوسری جانب فوتی ماہی گیر کے لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا۔

متعلقہ عنوان :