سینیٹ الیکشن میں جو تماشہ لگا وہ سب نے دیکھ لیا ،ْ زرداری اور عمران پاکستان کی سیاست سے مخلص نہیں

سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کاسانگلہ ہل میں عوامی جلسہ سے خطاب

اتوار 18 مارچ 2018 21:00

سانگلہ/لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2018ء) سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں جو تماشہ لگا وہ سب نے دیکھ لیا ،ْ زرداری اور عمران پاکستان کی سیاست سے مخلص نہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانگلہ ہل میں عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حمزہ شہباز ایم این اے ،ْ مریم نواز ،ْ کیپٹن (ر) صفدر ایم این اے ،ْ برجیس طاہر ایم این اے ،ْ رانا ارشد ایم پی اے سمیت ممبران اسمبلی،کارکنوں اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے ا لیکشن میں پی ٹی آئی نے پیپلز پارٹی کے امیدوار سلیم مانڈوی والا کو ڈپٹی چیئر مین کیلئے ووٹ دیایہ سوال عمران خان سے پوچھا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ زرداری عمران پاکستان کی سیاست سے مخلص نہیں ہیں یہ ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ میرے خلاف کوئی کرپشن کا کیس نہیں کوئی ای او بی آئی ،ْ رینٹل پاور ،ْ کو ٹکنا کا کیس نہیں کوئی کک بیکس کا کیس نہیں ،ْ مجھے صرف اسیلئے نکالا گیا کہ میں نے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی ۔

انہوں نے کہا کہ ہم کام کرنے والے لوگ ہیں ،ہم نے ملک سے اندھیروں کو ختم کیا۔ سی پیک دیا ،ْ دہشتگردی ختم کی جبکہ دوسری طرف نیا پاکستان بنانے کے دعویداروں نے کیا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہرے کبھی مخلص نہیں ہوتے انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی طرح سانگلہ ہل کو بھی موٹروے ،سوئی گیس دی جا رہی ہے ،ْ گرلز کالج اور یونیورسٹی قائم کی جا رہی ہے ۔ حمزہ شہباز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کارکنوں نے ہر مشکل وقت میں نواز شریف کا ساتھ دیا ہے۔

عہدے آنی جانی چیز ہے ہمارا اصل سرمایہ کارکن ہیں ۔ انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کنٹینر ر پرچڑھ کر یا چور دروازے سے آکر کوئی لیڈر نہیں بن جاتا ۔ نواز شریف بننے کے لئے بڑے پاپڑ بیلنے پڑتے ہیں۔ اس موقع پر مریم نواز نے اپنے خطاب میں کہا کہ ووٹ کے تقدس کے لئے نواز شریف کی آواز میں آواز ملانے پر کارکنوں کو سلام پیش کرتی ہوں۔

سینٹ کے ا لیکشن میں جس طرح خریدوفروخت ہوئی وہ تماشا سب نے دیکھا جو ووٹ کی توہین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء کے سینٹ الیکشن میں کٹھ پتلیوں کے کردار نے عوام کا فیصلہ آسان بنا دیا۔ جمہوریت کے سانپ آہستہ آہستہ آستینوں سے باہر آ گئے ہیں۔2018ء میں یہ لوگ کس منہ سے ووٹ لینے عوام کے پاس آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے ڈر سے یہ دونوں اکٹھے ہو گئے ہیں۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ آئو وعدہ کرو 2018ء میں سازشیوں کو ووٹ نہیں دوگے۔