غیر قانونی شکار کی حوصلہ شکنی اور اس میں ملوث افراد کی سرکوبی ہم سب کی بنیادی ذمہ داری ہے ‘ سیکرٹری و ڈی جی وائلڈ لائف

فیلڈ سٹاف کو فرائض منصبی کی انجام دہی میں نا صرف ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی ان کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے گی صوبائی سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات میاں وحیدالدین اور ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف اینڈ پارکس پنجاب خالد عیاض خان کا تقریب سے خطاب

اتوار 18 مارچ 2018 20:10

لاہور(این این آئی صوبائی سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات میاں وحیدالدین نے کہا ہے کہ غیر قانونی شکار کی حوصلہ شکنی اور اس میں ملوث افراد کی سرکوبی ہم سب کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔ فیلڈ ڈیوٹی کے دوران تمام وائلڈلائف واچرز اپنے اپنے علاقوں میں وائلڈلائف ایکٹ کی عملداری یقینی بنائیںاور محکمہ کے امیج کو مزید بہتربنانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔

۔ انہوں نے کہا کہ سخت گرمی میں چلچلاتی دھوپ اورسخت سردیوں میں انتہائی محدود وسائل کے باوجود غیر قانونی شکار کی روک تھام کوئی آسان کام نہیں جس پر فرض شناس فیلڈ سٹاف کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے ۔انہوں نے یہ بات لال سہانرا کے ریسٹ ہائوس آر ڈی 50 میںبہاولپور ریجن کے 8 وائلڈ لائف انسپکٹرز او ر 42 وائلڈ لائف واچرز میں یونیفارم تقسیم کرنے کی تقریب میں موجود شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف اینڈ پارکس پنجاب خالد عیاض خان ، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف ہیڈ کوارٹرز محمد نعیم بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف پبلسٹی اینڈ ریسرچ عامر مسعود ، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف بہاولپور ریجن محمد انور مان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف پروٹیکشن ایوب صابر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف بہاولپور ذوالفقار جام کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف اینڈ پارکس خالد عیاض خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہمحکمہ کی تاریخ میں پہلی بار اتنی بڑی تعداد میں صوبہ بھر کے فیلڈ سٹاف میں 27 لاکھ روپے کی کثیر لاگت سے مکمل یونیفارم تقسیم کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے چار مرحلوں میں لاہور ریجن، گوجرانوالہ ریجن ، سالٹ رینج ریجن اور فیصل آباد ریجن کے وائلڈ لائف انسپکترز اور وائلڈ لائف واچرز میں یونیفارم تقسیم کی جا چکی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ با صلاحیت اور فرض شناس فیلڈ سٹاف کو محکمہ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایماندار ی اور تندہی سے فرائض سرانجام دینے والے فیلڈ سٹاف کو فرائض منصبی کی انجام دہی میں نا صرف ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی بلکہ ان کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔ یونیفارم حاصل کرنے والے وائلڈلائف انسپکٹرز اور واچرز نے سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات اور ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ وہ غیر قانونی شکار کی روک تھام میں پہلے سے بڑھ کر اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لائیں گے اور اپنے علاقوں میں وائلڈ لائف ایکٹ کی عملداری میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔

مزید برآں صوبائی سیکرٹری میاں وحیدالدین اور ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف اینڈ پارکس خالد عیاض خان نے لال سہانرا ریسٹ ہائوس آر ڈی 50 میں پودے لگائے اور کبوتر آزاد کیئے۔

متعلقہ عنوان :