نوشہرہ کا جلسہ حکومتی تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا،میاں افتخار حسین

حکومت ناکام ہو چکی ہے ، وزیر اعلیٰ نوشہرہ میں سیاسر رشوت کے طور پر نوکریاں بانٹ رہے ہیں،وزیر اعلیٰ کا نوشہرہ کے عوام کے ساتھ لب و لہجہ ٹھیک نہیں ، اے این پی کے کارکنوں کو ڈرایا دھمکایا جا رہا ہے،نوشہرہ میں جلسہ سے خطاب

اتوار 18 مارچ 2018 20:10

پشاور/نوشہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ صوبے میں حکومت ناکام ہو چکی ہے اور نوشہرہ میں سیاسی رشوت کے طور پر وزیر اعلیٰ ایسی نوکریاں بانٹ رہے ہیں جن کا وجود حکومت کے جاتے ہیں ختم ہو جائے گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ میں پیر پیائی کے مقام پر ایک عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ اے این پی نے اپنی انتخابی مہم کا اآغاز کر دیا ہے اور مرکزی صدر اسفندیار ولی خان خود تمام اضلاع کے دورے کر رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کا نوشہرہ کے عوام کے ساتھ لب و لہجہ و رویہ ٹھیک نہیں ، اے این پی کے کارکنوں کو ڈرایا دھمکایا جا رہا ہے تاہم ہم باچا خان بابا کے عدم تشدد کے فلسفے کے پیروکار ہیں اور ہم انہیں ان کے لہجہ میں جواب دینا نہیں چاہتے ،میاں افتخار حسین نے کہا کہ اے این پی کے دور حکومت میں کالجز ، یونیورسٹیوں کا قیام اور صوبائی خود مختاری کے ساتھ ساتھ این ایف سی ایوارڈ کا حصول ایسے کارنامے ہیں جن کا کوئی توڑ نہیں جبکہ موجودہ حکومت چار سال تک پنجاب میں میٹرو کو گالیاں دیتے رہے،لیکن اب آئندہ الیکشن سے قبل سیاسی رشوت اور اپنی کمیشن و کرپشن کیلئے خیبر پختونخوا میں ساڑھے چار سال بعد وہی میٹرو شروع کر دی ، انہوں نے کہا کہ پشاور کے شہری عذاب سے دوچار ہیں گھروں سے نکلنا محال کر دیا گیا ہے جبکہ اس منصوبے کی پشاور کے شہریوں کو ضرورت نہیں تھی، انہوں نے کہا کہ شہر کو کھنڈر بنانے والوں کا یوم حساب قریب ہے،انہوں نے کہا کہ کرپشن خاتمے کے دعوے کرنے والوں کی16ممبران سینیٹ میں بک گئے ،اور زرداری کو ڈاکو کہنے والے نے اپنے ممبران اس کی جھولی میں ڈال دیئے، میاں افتخار حسین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ غریب ملازمین، پولیس اہلکاروں اور غریب اساتذہ کو برا بھلا کہتے نہیں تھکتے ، لیکن پختون بیدار ہیں اور وہ اپنے ساتھ زیادتی کرنے والوں سے الیکشن میں بدلہ ضرور لیں گے،انہوں نے کہا صحت او ر تعلیم سمیت تمام شعبے زبوں ھالی کا شکا ر ہیں اور تمام محکموں کو تباہ کر دیا گیا ہے ، انہوں نے کہا کہ اے این پی کو ختم کرنے کی باتیں کرنے والے خود مٹ چکے ہیں ، اور نوشہرہ کا جلسہ حکومت کے سیاسی تابوت آخری کیل ثابت ہو گا، انہوں نے جلسہ میں بھرپور شرکت کرنے پر پارٹی رہنماؤں ، کارکنون اور ذیلی تنظیموں کے تمام کارکنوں سمیت میڈیا کے نمائندوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔