شرح خواندگی میں اضافے کیلئے موجودہ حکومت سنجیدہ اقدامات کررہی ہے، میجر(ر) طاہر اقبال

اتوار 18 مارچ 2018 19:50

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2018ء) رکن قومی اسمبلی میجر(ر) طاہر اقبال نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت شرح خواندگی میں اضافے کیلئے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے اور اب پرائیویٹ شعبہ بھی اس عمل میں شامل ہوگیا ہے جس کے بڑے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں اور خواتین کو تعلیم یافتہ اور ہنر مند بنانا ترقی اور خوشحالی کیلئے ناگزیر ہوچکا ہے۔

وہ سکالرز گرلز کالج کی افتتاحی تقریب میں خطاب کر رہے تھے۔ خطبہ استقبالیہ چیئرمین سکالرز کالج آف سسٹم میاں تصور عباس نے پیش کرتے ہوئے بتایا کہ خواتین کیلئے علیحدہ کالج بنانا مقامی لڑکیوں کو اعلیٰ سطح کی تعلیم حاصل کرنے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا ہے، اس موقع پر چکوال چیمبر آف کامرس کے بانی قاضی محمد اکبر، صدر چیمبر حاجی نذیر سلطان، چیئرمین چکوال پریس کلب خواجہ بابر سلیم محمود تمغہ امتیاز اور ماہرین تعلیم کے علاوہ والدین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

تقریب سے جن دیگر مقررین نے خطاب کیا ان میں ڈاکٹر پروفیسر محمد آصف، پروفیسر ذوالفقار احمد، ایم ڈی سکالرز کالج پروفیسر زبیر علی، پرنسپل راجہ ناصر سہیل شامل تھے۔ مقررین نے سکالرز گرلز کالج کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ چکوال میں بچیوں کی اعلیٰ تعلیم کیلئے پرائیویٹ شعبے میں اس کالج کے قیام سے مقامی بچیوں کو کم وسائل کے باوجود آگے بڑھنے کا موقع ملے گا۔ اس موقع پر چیئرمین تصور عباس نے میرٹ پر 10 بچیوں کیلئے مفت اعلیٰ تعلیم فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا۔