ڈپٹی کمشنرکوہاٹ کا کوتل پہاڑی میںغیر معیاری پشتوںکو ضلعی انتظامیہ کی موجودگی میں مسمار کرکے نئے سرے سے تعمیر کرنے کا حکم

اتوار 18 مارچ 2018 19:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2018ء)ڈپٹی کمشنرکوہاٹ خالد الیا س نے عوامی شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ہفتہ کی شام ٹیکنیکل سٹاف کے ہمراہ کوتل پہاڑی روڈ سائیڈپرپشتوں پر جاری کام کا معائنہ کرنے پہنچے جہاں انہوں نے کام کا معیار چیک کرنے کے علاوہ استعمال ہو نے والے میٹریل کے نمونے بھی حاصل کئے۔انہوں نے اس موقع پر نئے اور پرانے پشتوں کا تقابلی جائزہ لیتے ہوئے کام کے معیار پر عدم اطمینان کا اظہارکیا اور جاری کام فوری طور پر بند کرنے اور ٹھیکیدار کو ان کی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔

ٹیکنکل سٹاف نے انہیں بتایاکہ پشتوں میں استعمال ہونے والے پتھروں کا ڈریسنگ، فنشنگ،رائزنگ اور ریٹیننگ وال اور پشتوں کا کوپنگ معیار کے مطابق نہیں جس پر ڈپٹی کمشنر نے تمام پشتوں کو ضلعی انتظامیہ کی موجودگی میں مسمار کرکے نئے سرے سے تعمیر کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے خبردار کیا کہ ان کے ہوتے ہوئے کوئی کوہاٹ میں غیر معیاری کا م کا تصور بھی نہ کریںآئندہ غیر معیاری کام پرنہ صرف مسماری اور دوبارہ تعمیر ہوگی بلکہ متعلقہ ٹھیکیدار اور سرکاری حکام کو حسب قانون سزا بھی ہوگی۔

واپسی پرخالد الیاس نے بیوٹیفیکیشن پراجیکٹ کے تحت گلشن آباد چوک پر جاری کام کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو اسے مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔دریں اثناء انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کے ڈی اے کوہاٹ اور لیاقت میموریل وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال کا بھی دور ہ کیاانہوں نے ڈاکٹروں اور دیگر عملے سمیت صفائی کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے کے ڈی اے ہسپتال میں 8عدد پبلک لیٹرین کی تعمیر کا بھی اعلان کیا۔وہ مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملے اوران کی جانب سے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کی فراہمی اور ڈاکٹروں کے رویے سے اطمینا ن پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہی ہمار امقصد ہے کہ عوام مطمئن رہیں۔