نام نہاد سیاستدانوں کو اپنی شکست واضح طور پر نظر آرہی ہے ،محمودخان

اتوار 18 مارچ 2018 19:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2018ء)خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی و کھیل اور پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے صدر محمود خان نے کہا ہے کہ 2018ء کے عام انتخابات کا وقت قریب آتے ہی نام نہاد سیاستدان کھوکھلے نعروں کے ساتھ عوام کو بے وقوف بنانے کے لئے مختلف بیسوں اور شکلوں میں نظر آرہے ہیںلیکن ان کو ابھی سے اپنی شکست واضح طور پر نظر آرہی ہے ، وہ پی ٹی آئی رہنمائوں کی کارکردگی سے بری طرح خائف ہیں ، پی ٹی آئی پر تنقید کرنے والے اپنے دور میں دہشت گردوں سے چھپتے پھرتے تھے ، دین کے نام پر ووٹ لینے والوں نے سوائے عوام کو گمراہ کرنے کے علاوہ کیا کیا ، عوام ان کے منفی ہتھکنڈوں اور سیاسی شعبدہ بازیوں سے بخوبی واقف ہو گئے ہیں ، آئندہ وہ کبھی بھی عوام کو گمراہ نہیں کر سکیں گے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے راگستون یونین کونسل دارمئی مٹہ سوات میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر اے این پی کے اہم اور دیرینہ کارکنان جن میں شمشاد ، بخشاد ، جمعہ خان ، طوطی رحمان ، محمد حسین ، رانی خان ، عمر فاروق ، بخت علی ، سرزمین ، ابراہیم اور یوسف خان نے اپنے اپنے خاندانوں اور سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ اپنی پارٹیوں سے مستعفی ہو کر پی ٹی آئی شامل ہونے کا اعلان کیا ۔

محمود خان نے کہا کہ پی پی پی ، اے این پی اور ایم ایم اے اپنے ادوار میں کرپشن اور لوٹ مار کی داستانیں رقم کی ہیں ، وہ کس منہ سے پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت پر تنقید کر رہے ہیں ، اے این پی تین مرتبہ صوبے میں حکومت کی مگر ہر بار پختونوں کو ترقی کی بجائے پختون دشمنی کا مظاہرہ کیا ۔محمود خان نے کہا کہ ہمارے ترقیاتی منصوبوں کے مخالفین بھی تائید کر رہے ہیں ، ان کو انتخابات سے پہلے اپنی شکست کا انجام معلوم ہے ۔ محمود خان نے کہا کہ تمام سیاسی پارٹیاں مل کر بھی پی ٹی آئی کے جنون کا مقابلہ نہیں کر سکتیں ۔واضح رہے کہ علاقہ راگستون مٹہ سوات کے لئے محمود خان واٹر سپلائی سکیم کے لئے ایک کروڑ بیس لاکھ روپے کا اعلان کیا جو یہاں کے باشندوں کا ایک دیرینہ اور حل طلب مسئلہ تھا ۔