صوبائی حکومت کو سرکاری ملازمین کے مسائل ومشکلات کا بخوبی ادراک ہے،مظفرسید

صوبائی حکومت نے ہزاروں کے تعداد میں متعدد کیڈرز کے ملازمین کو اپ گریڈ اور عارضی ملازمین کو مستقل کیا تاکہ ان کی محرومیوں کا ازالہ ہو سکے ،وزیرخزانہ خیبرپختونخوا

اتوار 18 مارچ 2018 19:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2018ء) خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کو سرکاری ملازمین کے مسائل ومشکلات کا بخوبی ادراک ہے یہی وجہ ہے کہ موجودہ دور حکومت میں ہماری صوبائی حکومت نے ہزاروں کے تعداد میں متعدد کیڈرز کے ملازمین کو اپ گریڈ اور عارضی ملازمین کو مستقل کیا تاکہ ان کی محرومیوں کا ازالہ ہو سکے ۔

درجہ چہارم ملازمین کے مطالبات کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور اس سلسلے میں وہ ذاتی طور پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور صوبائی کابینہ کے سامنے آل درجہ چہارم ملازمین کے گزارشات رکھیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر پشاور میں درجہ چہارم ملازمین کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

وفد نے صوبائی صدر اکبر خان مہمند ، خیر الله حواری اور دیگر رہنمائوں کی سربراہی میں صوبائی وزیر سے ملاقات کی اور انہیں اپنے کیڈر کے ملازمین کے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے ان کے حل کے لئے صوبائی وزیر سے تعاون چاہی۔

وفد نے صوبائی وزیر سے کہا کہ دیگر ملازمین کی طرح درجہ چہارم ملازمین کو بھی ٹائم سکیل دیا جائے جبکہ سرکاری تعلیمی اداروں میں چوکیداروں کی ڈیوٹی کادورانیہ کم کیا جائے اور سرکاری پرائمری سکولوں میں ایک کے بجائے دو چوکیداروں کی تعیناتی کی جائے ۔ انہوں نے درخواست کی کہ آئندہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب اضافہ کیا جائے ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ہر شعبہ ملازمین کو اپنے گریڈیشن دی ہے جو ہماری ملازم دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ درجہ چہارم ملازمین کے ٹائم سکیل کا مطالبہ سنجیدہ ہے اور اس سلسلے میں وہ اپنی طرف سے بھر پور کوششیں کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :