سہیل امان کی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کے سا تھ ساتھ سماجی خدمات یاد رکھی جائیں گی‘وزیراعلی شہبازشریف

اتوار 18 مارچ 2018 19:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2018ء) وزیراعلی پنجاب محمدشہبازشریف نے فورٹ منرو کیڈٹ کالج کے قیام کے لئے حکومت پنجاب اور پاکستان ائیر فورس کے درمیان معاہدے پر دستخط کی تقریب میں ائیر چیف مارشل سہیل امان کی پیشہ وارانہ خدمات کو خراج تحسین پیش کیا -وزیراعلی نے معاہدے پر دستخط کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یہ تقریب ائیر چیف مارشل سہیل امان کی طرف سے نیک مقصد اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کی آخری تقریب ہوگی لیکن ائیر چیف مارشل سہیل امان نے اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ جس طرح فروغ تعلیم اور سماجی خدمات پر توجہ دی وہ ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی-تقریب کے شرکاء نے پر جوش تالیاں بجا کر ائیر چیف مارشل سہیل امان کی خدمات کو سراہا-ائیر چیف مارشل سہیل امان نے اپنی گفتگو کے دوران حکومت پنجاب کی طرف سے تعاون کے جذبے کو سراہا۔