ْشہر و کینٹ ایریاز میں انسداد تجاوزات گرینڈ آپریشن مستقل بنیادوں پر جاری رکھنے کا فیصلہ

اتوار 18 مارچ 2018 18:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2018ء)راولپنڈی ،چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈز اور میونسپل کارپوریشن نے انسداد تجاوزات گرینڈ آپریشن کے دوران 27ٹرک سامان ضبط کر لیا ۔راولپنڈی وچکلالہ کنٹونمنٹ بورڈز نے کینٹ کے علاقوں کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے 21ٹرک سامان ضبط کیا جبکہ میونسپل کاپوریشن راولپنڈی نے بھی انسداد تجاوزات کے گرینڈ آپریشن کے دوران شہر کے مختلف حصوں سے 6ٹرک سامان ضبط کیا ۔

ایڈیشنل کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر نوید نواز نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ انسداد تجاوزات گرینڈ آپریشن کینٹ ایریاز کی سڑکوں کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے سٹیشن کمانڈر راولپنڈی بریگیڈیئر تنویر ظفر اور کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر ملک اسحاق کی خصوصی ہدایات پر کیا گیا ۔

(جاری ہے)

ٹریفک روانی برقرار رکھنے کے لیے چونگی نمبر بائیس میں انسداد تجاوزات کے گرینڈ آپریشن کے دوران 100سے زائد ریڑھیاں اور مجموعی طور پر 13ٹرک سامان ضبط کیا گیا ۔

مشترکہ آپریشن کی نگرانی پولیس پارٹی اور ایس پی پوٹھوہار سید علی نے چکلالہ کینٹ کے ایڈیشنل سی ای او نوید نواز اور راولپنڈی کینٹ کے ایڈیشنل سی ای او عمر معصوم کے ہمراہ کی ۔ چکلالہ کینٹ کے ایڈیشنل سی ای او نوید نواز نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ بائیس نمبر چونگی کے علاقے میں قائم تجاوزات ٹریفک روانی میں رکاوٹ کے ساتھ ساتھ سیکورٹی رسک تھیں جس پر آپریشن کیا گیا ۔

انہوںنے کہاکہ اس طرح کے گرینڈ آپریشن چکلالہ کینٹ کے دیگر علاقوں میں بھی کیے جائیں گے اور سڑکوں کو تجاوزات سے پاک کیا جائے گا ۔نوید نواز نے کہاکہ انسداد تجاوزات آپریشن مزید سخت کر دیا گیاہے اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی رعائت نہیں برتی جائے گی ۔انسداد تجاوزات کے لیے کینٹ بورڈ کی ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر چکلالہ کینٹ کے تمام بازاروں کا دورہ کر کے کارروائیاں کر رہی ہیں راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے ترجمان قیصر محمود نے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کو بتایاکہ کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر ارسلان حیدر کی ہدایات پر سعدی روڈ ،کشمیر روڈ ،صدر اور دیگر علاقوں میں انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران 8ٹرک سامان ضبط کیا گیاجبکہ غیر قانونی بینرز اور پوسٹرز بھی اتارے گئے ۔

دریں اثناء میئر میونسپل کارپوریشن راولپنڈی سردار محمد نسیم خان کی ہدایت پر تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کے سلسلہ میں نئے آنے والے چیف آفیسر شفقت رضا نے اندرون شہر لیاقت روڈ، اقبال روڈ،بوڑھ بازار، تلواڑاں بازار، لیاقت مارکیٹ اور راجہ بازار کا دورہ کیا اور اپنی نگرانی میں تجاوز کنندگان کے خلاف آپریشن کروایا جس میں عملہ نے کاروائی کرتے ہوئے 6 ٹرک سامان ضبط کر کے میونسپل کارپوریشن کے سٹور میں جمع کروا دیا۔

ذرائع نے قو،ی خبر رساں ادارے کو بتایاکہ راولپنڈی ،چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈز اور میونسپل کارپوریشن نے انسداد تجاوزات گرینڈ آپریشن کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کا دبائو قبول نہ کرنے کا عندیہ دیاہے ۔واضح رہے کہ شہر و کینٹ سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس عباد الرحمن لودھی نے خصوصی ہدایات جاری کر رکھی ہیں جن پر دونوں کنٹونمنٹ بورڈ ز اور میونسپل کارپوریشن حکام نے انسداد تجاوزات کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔