ہم سب غلامان مصطفیٰﷺ کو چاہئے کہ اپنامحاسبہ کریں ، آئندہ زندگی دین کے راستے پر گزارنے کا عہد کرے،سلیم خاں قادری

اتوار 18 مارچ 2018 18:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2018ء) اہلسنّت حنفی بریلوی مساجد کی انتظامی کمیٹیوں کے اکابرین اور میلادشریف کااہتمام کرنے والی نمائندہ تنظیمات وشخصیات پرمشتمل مرکزی میلادالائنس پاکستان کے بانی وچیف آرگنائزر،مرکزی انجمن سیرت النبی ﷺ گلبہارکے تاحیات چیئرمین اور ممتازقومی وسماجی رہنمامحمدسلیم خاں قادری ترابی نے تمام مسلمانوں باالخصوص شمع رسالت کے پروانوں ،حضورنبی کریم حضرت محمدمصطفیٰﷺ کے غلاموںکو ماہ رجب المرجب کی آمد پر دل کی گہرائیوں سے مبارک بادپیش کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ ہم سب غلامان مصطفیٰﷺ کو چاہئے کہ اپنامحاسبہ کریں ،اپنی گزری ہوئی زندگی کا جائزہ لیں اور اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں سربسجودہوکر اپنے اچھے کاموں کو قبول کرنے کی دعاکریں،جوگناہ ہوگئے ہیں ان کی معافی مانگیں اور آئندہ زندگی اللہ تعالیٰ کے حکم اور حضورنبی کریم ﷺ کے بتائے ہوئے راستے پر چل کر گزارنے کا عہد کریں۔

(جاری ہے)

وہ اپنے دفترلیاقت آباد میں مرکزی گلبہارنعت کونسل پاکستان ٹرسٹ کے چیئرمین عقیل احمدعباسی ایڈوکیٹ سے بات چیت کررہے تھے جو انہیں کونسل کے زیراہتمام شب معراج کے موقع پر گلبہارنمبر2میں ہونے والی سالانہ اکتالیسویں عظیم الشان لیلة النعت میں شرکت کی دعوت دینے آئے تھے۔اس موقع پر جمعیت علمائے پاکستان (نورانی) کراچی کے رہنمامحمدشکیل قاسمی، غوثیہ مسجد گلبہارکے ٹرسٹی رکن ناصرحسین خاں، پاکستان اسلامک فورم کے چیئرمین حاجی مرزامحمدمبین بیگ،انجمن نوجوانان اسلام پاکستان سندھ کے جنرل سیکریٹری عبدالوحید یونس، شہری حقوق کمیٹی کے جنرل سیکریٹری جمیل عباس قادری ودیگر بھی موجودتھے۔

محمدسلیم خاں قادری ترابی نے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ رجب کامہینہ انتہائی اہم ہے،اللہ تعالیٰ کے حبیب حضورنبی مکرم ﷺ نے رجب کے مہینے کو اللہ تعالیٰ کا مہینہ قراردیاہے اس میں اللہ تعالیٰ کی عبادت کثرت سے کی جائے۔اہلسنّت حنفی بریلوی قائدین اکابرین ،کارکنان،علمائے کرام اور مشائخ عظام نے پاکستان کے حصول کے لئے لازوال قربانیاں اسی لئے دی تھیں کہ ہم اپنے اسلامی ایام انتہائی آزادی،جوش وجذبے کے ساتھ منائیں گے،آج اللہ کے فضل وکرم سے ہم ایک آزاد اسلامی جمہوری مملکت کے شہری ہیں، ہم پر فرض ہے کہ اپنے خالق ومالک اللہ رب العزت کا شکر اداکرنے کے لئے اپنی عبادات میں نکھارپیداکریں۔

انہوں نے کہاکہ تحریک پاکستان کے بیس لاکھ سے زیادہ شہیدوں کی ارواح کو ایصال ثواب کرتے رہیں،اپنے گھربارکی قربانی دینے والوں کو یادرکھیں،پاکستان کی تعمیروترقی میں شب وروز محنت کرنے والے اہلسنّت حنفی بریلوی اکابرین کے لئے دعائوں کا اہتمام کریں ،پاکستان کوحضورنبی کریم حضرت محمدمصطفیٰ ﷺ کے سچے اور پکے وفادارحکمران ملنے کی دعائیں کریں اور پاکستان بچانے اور اسے مستحکم کرنے کی کاوشوں میں مصروف قائدین واکابرین، کارکنان اہلسنّت حنفی بریلوی کی کامیابی کے لئے دعائیں کرنابھی ہماراہی فریضہ ہے،پاکستان کی مسلح افواج،رینجرز،پولیس اور قانون نافذکرنے والے تمام ادارے جو پاکستان کی اندرونی وبیرونی سرحدوں کی حفاظت اور ملک میں امن وامان کے قیام کے لئے جدوجہد کرنے والوں کو بھی اپنی دعائوں میں شامل رکھناعوام اہلسنّت حنفی بریلوی کا وطیرہ رہاہے۔

محمدسلیم خاں قادری نے کہاکہ پورے ملک سے اطلاعات آرہی ہیں کہ عوام اہلسنّت حنفی بریلوی بیدارہورہے ہیں اور قائدین واکابرین اہلسنّت حنفی بریلوی کو ملک کی قیادت دینے کا عزم مستحکم ہوتاجارہاہے،ماہ رجب میں ہمیں اللہ تعالیٰ کے حضورسربسجودہوکر اہلسنّت حنفی بریلوی قائدین اکابرین ،علمائے کرام مشائخ عظام اور کارکنان اہلسنّت میں اتحادواتفاق ،محبت اور پیارمیں فروغ دینے کے لئے دعائیں ہی مملکت خدادادپاکستان کو ایک دیانتدار،باصلاحیت،مخلص اور صالح قیادت فراہم کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ملک بھرکے چپے چپے میں امانت ودیانت والی قیادت کی مانگ بڑھتی جارہی ہے،اس کے لئے ہمیں خودبھی ایماندار اور دیانتدارہونالازمی ہے۔انہوں نے کہاکہ ماہ رجب کے مہینے میں اس بات کا عہد کیاجائے کہ ہم اپنی زندگی ایمانداری اور دیانتداری سے گزاریں، اللہ تعالیٰ ہم پر رحم فرمائے گااور ہمیں امن سکون اورراحت کی زندگی دے گا۔