ہدف کے مطابق کچرا اٹھانے کی صلاحیت کے حامل ہو چکے ہیں، جان محمد بلوچ

اتوار 18 مارچ 2018 18:20

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2018ء) چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے کہا ہے کہ بلدیہ ملیرکی متعدد یوسیز صنعتی اور تجارتی ہونے کے باعث خصوصی اہمیت کی حامل ہیں، صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کے باعث ان یونین کمیٹیوں میں کچرا بھی دیگر یوسیز کے مقابلے میں زیادہ مقدار میں پیدا ہوتا ہے، بالخصوص لانڈھی انڈسٹریل ایریا اور ایکسپورٹ پروسسنگ زون سے متصل و ملحقہ یونین کمیٹیوں دائود چورنگی، مسلم آباد، مجید کالونی اور اسی طرح آدھے سے زائد شہر میں تازہ دودھ کی ترسیل کرنے والی یوسی بھینس کالونی میں دیگر تمام یونین کمیٹیوں سے زائد مقدار میں کچرا نکلتا ہے، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ذیلی ادارے کو صفائی ستھرائی کا نظام سپرد کرنے کے بعد بلدیہ ملیر میں بیگ لاگ کچرے کا خاتمہ ممکن ہوگیا ہے، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ذیلی ادارے کی جانب سے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ گاڑیوں سے صفائی کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیہ ملیرمیں صفائی ستھرائی کے نظام میں شامل کئے گئے مزیدپانچ کمپیکٹر کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین بلدیہ ملیر عبدالخالق مروت ، سینئر ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ راشد خان، ڈائریکٹر انفارمیشن سلیم خان،پی ایس ٹو چیئرمین عمر جان بلوچ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے کہا کہ بلدیہ ملیر کی 13 یوسیزمیں روزانہ کی بنیاد پر پیدا ہونے والے کچرے کو باآسانی اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کے ہدف کی صلاحیتوں کے حامل ہوچکے ہیں۔