آج کے پاکستان میں امن، بجلی بحران کا خاتمہ اور قومی معیشت مستحکم ہو چکی ہے،گورنر سندھ

اتوار 18 مارچ 2018 18:20

! کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے اقدامات کے باعث آج کے پاکستان میں مثالی امن، بجلی بحران کا خاتمہ اور قومی معیشت مستحکم ہوچکی ہے، یہی وجہ ہے کہ دنیا میں تیزی سے ترقی کرنے والے ممالک میں پاکستان بھی شامل ہے، دنیا آج اعتراف کررہی ہے کہ پاکستان معاشی طو رپر مستحکم، پرامن اور سرمایہ کاری کے لئے پرکشش اہمیت رکھتا ہے، مستقبل میں بہتر منصوبہ بندی سے ہی قومی معیشت مزید مستحکم اور امن کو فروغ حاصل ہو سکے گا اس ضمن میںعوام کے طرز زندگی بدلنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اہم ثابت ہوں گے، موجودہ حکومت نے عوام کو معیشت کے استحکام اور سی پیک جیسے لازوال تحفے دیئے، اقوام متحدہ کے سالانہ سروے ’’عالمی مسرت انڈیکس 2018ء‘‘ میں پاکستان کو پڑوسی ممالک میں سب سے آگے قرار دیا ہے جو کہ موجودہ حکومت کے قومی ترقی کے لئے اٹھائے گئے درست اور بروقت اقدامات کا واضح ثبوت ہے، میں پورے یقین سے کہہ رہا ہوں کہ پاکستان کا مستقبل روشن اور تابناک ہے۔

(جاری ہے)

اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے انگلش اسپیکنگ یونین آف پاکستان کی سالانہ تقریب سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر عزیز میمن، مجید عزیز، عبد القادر جعفر اور مختلف ممالک کے قونصل جنرلز سمیت عمائدین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ گورنر سندھ نے مزید کہاکہ پاکستان بے پناہ استعداد کا حامل اورقدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے جہاں سمندر ، دریا ، پہاڑ ، صحرا ،سرسبز میدانی علاقے ،چار موسم اور دیگر قدرتی شاہکار اسے دنیا کے دیگر ممالک سے منفرد ربناتے ہیں ، پاکستان کی کل آبادی کا 60 فیصد سے زائد نوجوانوں پر مشتمل ہے یہ بھی قدرت کا ایک انمول تحفہ ہیں ،یہ نوجوان اعلیٰ تعلیم یافتہ ، محنتی ، با صلاحیت ، وژنری اور تجربہ کار بھی ہیں ، یہی وجہ ہے غیر ملکی سرمایہ کار دنیا کے دیگر ممالک کی نسبت پاکستان میں سرمایہ کاری میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں ، پر کشش ماحول ، بجلی کی تسلسل سے فراہمی ، بھرپور استعداد ، کم لاگت تجربہ کار ، تعلیم یافتہ اور محنتی نوجوان افرادی قوت سرمایہ کاری کے فوری نتائج کی ضمانت ہوتے ہیں اور یہ سب کچھ پاکستان میں دستیاب ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مشکل حالات کے باوجود دوبارہ سنبھلنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے،ریاست میں کسی کے بھی حکمرانی کے دور میں ملک و قوم کے حالات مزید بہتر کرنے کی منصوبہ بندی اس قدر کامیاب نہ ہو سکی جس طرح موجودہ دور حکومت میں ممکن ہوئی ، یہ سب ایک وژن ، انتھک محنت اور لگن کے باعث ہی ممکن ہو سکا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی حب کراچی دنیا کے میٹرو پولیٹن شہروں میں شمار ہونے والا شہر ہے ماسٹر پلان کے بغیر اس کے پھیلنے سے مسائل نے جنم لیا ، موجودہ حکومت شہر کو اس کا اصل مقام دلانے کے لئے میگا پروجیکٹس پر ترجیحی بنیادوں پر کام کررہی ہے اس ضمن میں امن و امان کے قیام سے شہر ایک بار پھر ماضی کی طرح روشنیوں کا شہر بنتا جار ہاہے جہاں رات گئے معاشی ، اقتصادی ، تجارتی ، کاروباری ، سماجی ، ثقافتی ، ادبی اور کھیلوں کی سرگرمیاں جاری رہتی ہیں ، صنعتی علاقوں میں بجلی کے تسلسل سے فراہمی سے صنعتی فعالیت یقینی بنائی جارہی ہے ، شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے طویل عرصہ سے التوا ء کے شکار K-IV منصوبہ پر تیزی سے کام جاری ہے ، میٹرو پولیٹن شہر میں جدید دور کی سفری سہولیات کے لئے گرین لائن منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ، حال ہی میں التواء کے شکار لیاری ایکسپریس وے منصوبہ کو مکمل کیا گیا ، کراچی ترقیاتی پیکج کے تحت شہر میں 25 ارب روپے کی خطیر رقم سے سماجی شعبہ کی ترقی ، اداروں کی فعالیت اور انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی کے کاموں پر توجہ دی جارہی ہے جبکہ وفاق کے ترقیاتی فنڈ ز سے شہر میں 50 ارب روپے سے میگا پروجیکٹس پر کام ہو رہا ہے اس طرح وفاقی حکومت شہر کی ترقی و خوشحالی کے لئے 75 ارب روپے کی خطیر رقم سے ترقیاتی کام کروارہی ہے جن کی تکمیل سے شہریوں کو جدید دو ر کی سہولیات حاصل ہونگی ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بیرونی ٹیکنالوجی پر انحصار کم کرنے کے لئے تحقیق پر بھرپور توجہ دینے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے ہیں جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں اس ضمن میں جامعات میں طالب علموں کو تحقیق کے لئے ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے ساتھ انھیں جدید دور کی ٹیکنالوجی سے متعلق آگاہی کے لئے لیپ ٹاپ تقسیم کئے جارہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کو عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں مقام دلانے کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا ، شہر کے مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ جدید دور کی سہولیات کی فراہمی اس ضمن میں اہم ثابت ہوسکتی ہے ، شہر کے تمام اسٹیک ہولڈرز شہر کی ترقی و خوشحالی کے لئے ایک پیج پر ہیں اور مل کر شہر کی ترقی کے لئے کام کر رہے ہیں ۔اس موقع پر مجید عزیز نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان کی ایسوسی ایشن شہر کے اہم مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کے لئے وقتاً فوقتاً مختلف اسٹیک ہولڈرز ان کے ہمراہ مختلف سیمینارز کا نعقاد کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی تعمیر و ترقی یہاں رہنے والے ہر شخص کی ذمہ داری ہے اور گورنر سندھ اس ضمن میں جو کردار ادا کررہے ہیں وہ قابل تعریف ہیں۔