بھارت مقبوضہ کشمیر میں مہلک کیمیکل استعمال کر رہا ہے

اتوار 18 مارچ 2018 17:50

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2018ء) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران اسرائیلی ساخت کے کیمیائی مواد سے مکانات کو تباہ کرنے اور کشمیری نوجوانوں کی لاشوں کو مسخ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فورسز نیRD 2PNGنامی کیمیکل چند روز قبل سرینگر کے مضافاتی علاقے بلہامہ کھنموہ میں آپریشن کے دوران استعمال کرتے ہوئے چار رہائشی عمارات تباہ کر دیں جن کے ملبے سے تین نوجوانوںکی لاشیں برآمد ہو ئی تھیںجن میں سے آخری ملنے والی نعش کو کیمیائی مادے نے جلا کر خاکستر کر دیا تھا اور وہ ناقابل شناخت ہو چکی تھی۔

یہ کیمیکل2017 میں جون ، جولائی اور اکتوبر کے مہینوں میں ضلع پلوامہ کے علاقوں کاک پورہ ، لیتر ، بہ منو میں بھی استعمال کیا گیا تھا اور اس دوران تباہ کیے جانے والے مکانات کے ملبے سے ایک پی ایچ ڈ ی سکالر نثار احمد سمیت چھ سے زائد کشمیریوں کی مسخ شدہ نعشیں برآمد ہو ئی تھیں۔

(جاری ہے)

جموںوکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کا ایک وفد بھارتی فوجیوں کی طرف سے جمعرات کو محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران تباہ کیے گئے مکانات کے مکینوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے سرینگر کے علاقے بلہامہ گیا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی اور دیگر حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے سرینگر میں اپنے بیانات میں راشٹریہ سویم سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت کے حالیہ بیان کو ہندو انتہا پسند جماعتوں کے فاشسٹ نظریے کا عکاس قرار دیا ۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ بھاگوت کا یہ بیان کہ کشمیریوں کے ساتھ طاقت سے نمٹنا چاہیے ، بھارتی قیادت کی کشمیریوں کے حوالے سے پالیسی کو ظاہر کرتا ہے۔

انہوں نے بھارت سے کہا کہ وہ اوچھے ہتھکنڈے ترک کر کے تنازع کشمیر کے حوالے سے حقائق کو تسلیم اور اس مسئلے کو پر امن طریقے سے حل کرنے کیلئے حقیقت پسندانہ طرز عمل اختیار کرے۔ میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے کہا کہ کشمیر دنیا کا سب سے بڑا فوجی جمائو والا خطہ ہے جہاں بھارتی فوجیوں کو آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ اور دیگر کالے قوانین کے تحت سخت اختیارات حاصل ہیں۔

فورم نے کہا کہ کشمیراور کشمیریوں کو جبری طور پر قبضے میں رکھنے کا بھارتی اقدام انتہائی قابل مذمت ہے۔ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی اور جموںوکشمیر سالویشن موومنٹ نے بھاگوت کو مشودہ دیا کہ وہ تاریخ کا مطالعہ کر کے اس سے سبق حاصل کریں۔ دریں اثنا ضلع پلوامہ کے علاقے چکورہ میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران راجہ بیگم نامی ایک خاتون حرکت قلب بند ہوجانے کے سبب انتقال کر گئی۔ مقامی لوگوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ خاتون کو بھارتی فورسز کی فائرنگ کے باعث دل کا دورہ پڑا۔

متعلقہ عنوان :