بلوچستان کی احساس محرومیوں کے تدارک اور صوبے کے حقوق کے تحفظ کے لئے قانون سازی کی جائے گی، سی پیک کے تحت بلوچستان میں ترقی کے عمل اور عوام کی خوشحالی کے لئے موثر اقدامات اٹھائیں گے

چیئرمین سینیٹ میر صادق سنجرانی کی کوئٹہ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت

اتوار 18 مارچ 2018 17:30

کوئٹہ۔18مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2018ء) چیئرمین سینیٹ میر صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کی احساس محرومیوں کے تدارک اور صوبے کے حقوق کے تحفظ کے لئے قانون سازی کی جائے گی۔ سی پیک کے تحت بلوچستان میں ترقی کے عمل اور عوام کی خوشحالی کے لئے موثر اقدامات اٹھائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ترقی کے عمل کو تیز کرنے کے لئے محکمہ فنانس سمیت دیگر وفاقی محکموں سے بات چیت کرکے ترقیاتی فنڈز کے بروقت اجراء کو یقینی بنائیں گے او رصوبے کے حقوق کا ہر فورم پر تحفظ کریں گے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ اپنے ووٹ کے ذریعے کریں گے۔

(جاری ہے)

بلوچستان کی سطح پر امید ہے کہ موجودہ وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو کی سربراہی میں قائم ہونے والا 32 رکنی اتحاد کامیابی حاصل کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم بلوچستان کے لئے بہت کچھ کرنا چاہتے ہیں اور اس ضمن میں وفاقی سطح پر جو مسائل ہیں ان کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ ۔اس سے قبل نو منتخب چیئرمین سینیٹ میر صادق عمرانی اپنے انتخاب کے بعد پہلی بار بلوچستان پہنچے تو کوئٹہ ایئر پورٹ پر صوبائی وزراء اراکین اسمبلی اور اعلیٰ سول حکام کے علاوہ قبائلی عمائدین کی ایک بڑی تعداد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔