Live Updates

پی ایس ایل پلے آف میچز کی سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کوحتمی شکل دیدی گئی ،فضائی نگرانی شروع

حفاظتی نکتہ نظر سے اسٹیڈیم کے اطراف میں قائم تمام ریسٹورنٹس بند ،عام افراد اور گاڑیوں کا داخلہ بھی ممنوعہ قراردیدیا گیا رینجرز کے جوانوں نے قذافی اسٹیڈیم کے اندر ڈیوٹیاں سنبھال لیں ،کھلاڑیوں کی فرضی گاڑیوں کو لانے اور لیجانے کی ریہرسل کی گئی ہاکی اسٹیڈیم میں بیس بستروں کا عارضی ہسپتال قائم کرنے کی تیاریاں مکمل ،جنوبی پنجاب سے دو موبائل ہیلتھ یونٹس بھی منگوا لئے گئے

اتوار 18 مارچ 2018 17:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2018ء) پاکستان سپر لیگ کے لاہور میں 20اور21مارچ کو کھیلے جانے والے پلے آف میچز کی سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کوحتمی شکل دیدی گئی ،حفاظتی نکتہ نظر سے اسٹیڈیم کے اطراف میں قائم تمام ریسٹورنٹس بند کرا دئیے گئے جبکہ عام افراد اور گاڑیوں کا داخلہ بھی ممنوعہ قراردیدیا گیا ،سکیورٹی اداروںنے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے اسٹیڈیم اور اس سے ملحقہ علاقوں کی فضائی نگرانی شروع کر دی جبکہ رینجرز کے جوانوں نے قذافی اسٹیڈیم کے اندر اپنی ڈیوٹیاں سنبھال لیں ،سکیورٹی اداروں اور پولیس کی جانب سے کھلاڑیوں کی فرضی گاڑیوں کو ائیر پورٹ سے ہوٹل اور اسٹیڈیم تک لانے کی ریہرسل کی گئی ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کے لاہور میں کھیلے جانے والے پلے آف میچز کی تمام تر تیاریاں کو حتمی شکل دیدی گئی ہے اور کسی بھی غفلت اور کوتاہی سے بچنے کیلئے تمام انتظامات خصوصاًسکیورٹی انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

حفاظتی نقط نظر سے قذافی اسٹیڈیم کے بیرونی حصے میں قائم تمام ریسٹورنٹس کو بند کر دیا گیا ہے جبکہ سوئی نادرن گیس پائپ لائنز نے تمام کمرشل کنکشن منقطع کر دئیے ہیں جو پلے آف میچز کا مرحلہ مکمل ہونے تک منقطع رہیں گے۔

قذافی اسٹیڈیم کی طرف آنے والے راستوں پر پولیس تعینات کر دی گئی ہے اور عام افراد اور گاڑیوں کا داخلہ ممنوعہ قرار دیدیا گیا ہے ۔سکیورٹی انتظامات کے پیش نظر ہیلی کاپٹرز کے ذریعے فضائی نگرانی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جس کے تحت قذافی اسٹیڈیم کے اوپر اور ملحقہ علاقوںمیں ائیر سرویلنس کی جارہی ہے ۔بتایا گیا ہے کہ محکمہ صحت کہ جانب سے ہاکی اسٹیڈیم میں بیس بستروں کا عارضی ہسپتال قائم کرنے کی تیاریاں بھی مکمل ہیں جس میں آپریشن تھیٹر ، ای سی جی سمیت ہر طرح کی سہولیات میسر ہوں گے ۔

ہسپتال میں چار ڈاکٹرز، چار ہیڈ نرسز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف موجود رہے گا جبکہ جنوبی پنجاب سے دو موبائل ہیلتھ یونٹس بھی منگوا لئے گئے ہیں ۔ گزشتہ روز رینجرز نے قذافی اسٹیڈیم کے اندر سکیورٹی انتظامات سنبھال لئے ہیں جبکہ اسٹیڈیم کے اندر موک ایکسرسائز بھی کی گئی ۔ دوسری جانب گزشتہ روز سکیورٹی اداروں ، پولیس ، ڈولفن فورس، پیرو فورس ،ایلیٹ فورس اورریسکیو 1122نے کھلاڑیوں کی فرضی گاڑیوں کو اولڈ ائیر پورٹ سے ہوٹل لانے اور وہاں سے اسٹیڈیم پہنچانے اور ہوٹل لیجانے کی ریہرسل کی ۔

کھلاڑیوں کو ہوٹل اور وہاں سے اسٹیڈیم پہنچانے اور واپس ہوٹل لیجانے کیلئے مختلف روٹس پر سکیورٹی تعینات کی گئی ہے تاہم حتمی روٹ کو مکمل پوشیدہ رکھا جائے گا ۔اس موقع پر ایس ایس پی آپریشنز منتظر مہدی، سی ٹی او رائے اعجاز سمیت دیگر افسران نے ریہرسل کی نگرانی کی ۔دوسری طرف عام شہریوں نے 20اور21مارچ کو سخت سکیورٹی اور راستوں کی بندش کے پیش نظر اپنی معمول کی سر گرمیاں معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
Live پی ایس ایل 9 سے متعلق تازہ ترین معلومات