ذمہ داریوں کی احسن طریقہ سے ادائیگی کے لئے سفارت کاروں کی تربیت نہایت اہم ہے ، گورنر سندھ

اندرونی و بیرونی چیلنجز کے باوجود موجودہ حکومت ملک میں معاشی استحکام پیدا کرنے میں کامیاب رہی ہے، محمد زبیر سی پیک منصوبہ گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے، فارن سروسز اکیڈمی کے تحت غیرملکی سفارت کاروں کیلئے منعقدہ کورس کے وفد سے گفتگو

اتوار 18 مارچ 2018 17:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ملک کی اقتصادی ترقی کے لئے شب وروز مصروف عمل ہیں باالخصوص ملک کے اقتصادی حب کراچی کو دنیا کے معاشی نقشہ پر ابھارنے کے لئے بھرپور اقداما ت بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔ کراچی میں سرمایہ کاری کے منافع بخش مواقع دستیاب ہیں قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ میں تعلیم یافتہ تجربہ کار کم اجرت ہیومن ریسوس کی بڑی تعداد میں موجودگی سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش اہمیت رکھتی ہے ۔

ان خیا لات کا اظہا ر انہوں نے فارن سروسز اکیڈمی کے تحت غیرملکی سفارت کاروں کے لئے منعقدہ کورس کے وفد سے گورنر ہائوس میںخطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی اقتصادی صورتحال ، ہمسایہ ممالک سے پاکستان کے سفارتی تعلقات اوران میں مزید اضافہ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات ، دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاکستان کے کردار اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

گورنرسندھ نے کہا کہ 2013 میں سیکیورٹی کی صورتحال کے باعث کوئی غیر ملکی ایک دن کے دورے پر بھی یہاں آنے کے لئے تیار نہیں تھا جبکہ توانائی بحران کے باعث بلیک آئوٹ کا خطرہ پیدا ہوگیا تھا کیونکہ اس وقت بجلی کی پیداور کا کوئی بھی منصوبہ پائپ لائن میں نہیں تھا ۔انہوں نے کہا کہ تمام تر مشکلات اور اندرونی اور بیرونی چیلنجز کے باوجود موجودہ حکومت معاشی استحکام پیدا کرنے میں کامیاب رہی۔

گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے تیز رفتار اقتصادی ترقی کی بنیاد رکھ دی ہے جس کے باعث آئندہ حکومت کو مضبوط معیشت ، بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری اور صنعتوں کے قیام کے منصوبے ورثہ میں ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی مرکز ہے جو دو عشروں تک بدامنی ، بے یقینی اور لاقانونیت جیسے مسائل کا شکار رہا، لیکن موجودہ حکومت کی مخلصانہ کاوشوں کے باعث اب یہ دوبارہ سے اپنی پرانی رونقوں کی جانب لوٹ رہا ہے جو کہ 60 اور 70 کی دہائیوں میں اس کا خاصہ ہواکرتی تھیں۔

کراچی لٹریچر فیسٹیول، انٹرنیشنل میڈیا کانفرنس میں غیر ملکی وفود کی شرکت اس کا سب سے بڑا ثبوت ہے جبکہ آپ لوگوں کی کراچی آمد بھی یہاں کی سیکیورٹی کی صورتحال پر اعتماد کا اظہار ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ فائنل میں آنے والے تمام کھلاڑیوں خصوصاً غیر ملکی کھلاڑیوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ جغرافیائی اہمیت کے باعث نہ صرف جنوبی ایشیاء بلکہ پوری دنیا کے امن کے لئے پاکستان کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے ، دنیا کو پرامن بنانے کے لئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے ہمیشہ فرنٹ لائن اسٹیٹ کا کردار ادا کیا ۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان سمیت پورے خطہ کے لئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے ،منصوبہ کی تکمیل تیزی سے جاری ہے جس کے بعد پاکستان میں صنعتی ، معاشی ، اقتصادی و سماجی انقلاب برپا ہو جائے گا جس سے غربت اور بے روزگاری کا بھی خاتمہ یقینی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سفارت کاراپنے ملک کا چہرہ ہوتے ہیں ان کی کارکردگی سے ہی ملک پہچانا جاتا ہے بین الاقوامی تعلقات کے نت نئے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے سفارت کاروں کو مسلسل تربیت فراہم کرنا نہایت اہم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے کورسز سے سفارت کار وں کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔ وفد کے اراکین نے گورنر سندھ سے صوبہ کی جاری سیاسی صورتحال ، ترقیاتی منصوبوں ، امن و امن کے لئے کئے جانے والے اقدامات ،گورنر کے آئینی کردار اور ذمہ داریوں کے حوالے سے سوالات بھی کئے جن کے گورنر سندھ نے فرداً فرداً تفصیل سے جوابات بھی دیئے ۔

متعلقہ عنوان :