ہولی کا تہواراتحاد اور یکجہتی کیساتھ بھائی چارے اور خیر سگالی کے جذبات کو فروغ دیتا ہے‘خلیل طاہر سندھو

پاکستان کے سماجی، معاشی اور سیاسی میدان میں ہندو برادری کا کردار قابل تحسین ہے‘صوبائی وزیر اقلیتی امورکا تقریب سے خطاب

اتوار 18 مارچ 2018 17:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2018ء) صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ11اگست 1947کو بانی پاکستان قائداعظم نے کہا تھا کہ آپ آزاد ہیں ،اپنی اپنی عبادتگاہوں میں جاکر عبادت کیلئے اور آج پاکستان مسلم لیگ(ن) کے دور حکومت میں پاکستان بھر میں اقلیتیں آزادانہ اپنے تہوار منارہی ہیں،ہولی کا تہواراتحاد اور یکجہتی کیساتھ بھائی چارے اور خیر سگالی کے جذبات کو فروغ دیتا ہے،اگر ہم ایک دوسرے کے غم بانٹیں گے اور خوشیوں میں شریک ہونگے تو بھائی چارے، اخوت اور امن کا پیغام عام ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے ایوان اقبال ،لاہور میں محکمہ انسانی حقوق وا قلیتی امور کی جانب سے ہندو برادری سے اظہار یکجہتی کے طور پر ہولی کے تہوار کو منانے کے حوالے سے ایک خصوصی تقریب میں شرکت کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع اقلیتی پر ایم پی ایز کانجی رام،شکیل ایون،طارق گل،ڈاکٹر مجید ایبل،فوزیہ ایوب ،سیکرٹری انسانی حقوق و اقلیتی امور عاصم اقبال،اقلیتی ممبران ضلع کونسل،پاسٹرز حضرات اور محکمہ انسانی حقو ق و اقلیتی امور کے افسران موجود تھے۔

تمام اقلیتی رہنمائوں نے محکمہ انسانی حقو ق واقلیتی امور کی جانب سے شاندار پروگرام کے انعقاد پر ڈیپارٹمنٹ کا شکریہ ادا کیا اور مسلم لیگ(ن) کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے دور اقتدار میں تمام اقلیتوں کو برابری کے حقوق فراہم کئے گئے ہیں اور قائداعظم کے قول کہ :پاکستان ایک ایسا آزاد ملک ہوگا جدھر تمام مذاہب کے لوگوں کو اپنی اپنی عبادتگاہوں میں جاکر اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی میں کھلی آزادی ہوگی: کو سچ ثابت کرنے میں نمایاں کردار اد کیا ہے۔

صوبائی وزیر خلیل طاہر سندھو نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے دور میں پنجاب اسمبلی نے سب سے پہلے ہندو میرج ایکٹ پاس کیا تھا اور اب سکھ برادی کی شادیوں کی رجسٹریشن کا بل آند کراج 2017 متفقہ بل منظور کرلیا گیا اور یہ اعزاز بھی پاکستان مسلم لیگ(ن) کے دور حکومت میں حاصل ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیر قیادت اقلیتوں کیلئے بے شمار اقدامات کئے گئے ہیں اوربہت جلد ایسٹرز اور ہندو برادری کے تہواروں والے روز بھی سرکاری چھٹی کا اعلان کردیا جائیگا تاکہ اقلیتوں میں احساس محرومی نہ پیدا ہوسکے۔

تقریب میں خلیل طاہر سندھو کی اپیل پرحالیہ رائیونڈ سانحہ کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔تقریب میں صدارتی ایوارڈ یافتہ کرشن لال گروپ نے اپنی عمدہ پرفارمنس سے شرکاء سے بہت داد وصول کی۔