Live Updates

چیف جسٹس نے جو کمیٹی بنائی اس پر اطمینان ہے،بلاول بھٹو زرداری بتائیں دس سال میں سندھ حکومت نے کیا کیا، عمران خان

بلاول زرداری، آپ بڑے بڑے بیانات دیتے ہیں،یہ بتائیں آپ کے والد نے پیسہ کہاں سے کمایا، ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو

اتوار 18 مارچ 2018 17:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ چیف جسٹس نے جو کمیٹی بنائی، اس پر اطمینان ہے، بلاول بھٹو زرداری ہمیں بتائیں کہ دس سال میں آپ کی پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے کیا کیا ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو 2 روزہ دورے پر کراچی پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

کراچی ایئرپورٹ پہنچنے پر کارکنان کی جانب سے چیئرمین عمران خان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ بعد ازاں عمران خان کو قافلے کی شکل میں منزل تک پہنچادیا گیا۔ کراچی ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ چیف جسٹس نے جو کمیٹی بنائی، اس پر اطمینان ہے۔ انہوں نے کراچی کی گندگی صاف کرنے کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دی ہے۔

(جاری ہے)

پینے کے پانی میں سیوریج کا پانی مل کر آتا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری ہمیں بتائیں کہ دس سال میں آپ کی پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے کیا کیا عوام کو آپ لوگوں نے بنیادی سہولیات تک فراہم نہیں کیں۔ کراچی کچرے کا ڈھیر بنا ہوا ہے۔ ہوا آلودہ اور بدبودار ہے۔ کراچی میں پینے کے پانی میں گندگی ملی ہوئی ہے۔ کراچی کے لوگوں کو پینے کا صاف پانی تک آپ نے فراہم نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول زرداری، آپ بڑے بڑے بیانات دیتے ہیں۔

آپ یہ بتائیں کہ آپ کے والد نے پیسہ کہاں سے کمایا آپ کے والد آصف علی زرداری ملک میں بھی ارب پتی ہیں اور ملک سے باہر بھی اربوں کے مالک ہیں۔ محنت کرنا اور ایک جفاکش کی طرح کمانا آپ کا طریقہ نہیں ہے۔ پھر آپ کے والد نے اتنی ساری دولت کس طرح کمائی جب ان سوالوں کے جواب دیں گے تو باقی باتیں طے کروں گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات