ضلع راولپنڈی میں تصدیق شدہ ووٹرز فہرستیں 26مارچ سے 199 اہم مقامات پرآویزاں کی جائیں گی

اعتراضات کی وصولی اور فہرستوں کی درستگی و دعوٰی جات نمٹانے کی تاریخ 26مارچ سے 30اپریل تک مقرر

اتوار 18 مارچ 2018 16:40

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2018ء) ضلع راولپنڈی میں تصدیق شدہ ووٹرز فہرستیں 26مارچ سے سکولز کالجز سمیت دیگر اہم مقامات پرآویزاں کی جائیں گی۔ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ملک سلیم اختر نے سرکاری خبر رساں ادارے کو بتایاکہ مروجہ طریقہ کار کے تحت تصدیقی مہم کے اختتام پر ضلع بھر میں قائم کیے جانے والے 199ڈسپلے سنٹرز پر ووٹرز کی ابتدائی فہرستیں 26مارچ سے 24اپریل تک آویزاں کی جائیں گی جبکہ ووٹرز فہرستوں پر اعتراضات وغیرہ کی وصولی بھی 26مارچ سے شروع کر دی جائے گی ۔

ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ملک سلیم اختر نے اے پی پی کو بتایاکہ اعتراضات کی وصولی اور فہرستوں کی درستگی و دعوٰی جات نمٹانے کی تاریخ بھی 26مارچ سے 30اپریل تک مقرر کی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ووٹرز فہرستوں کے آویزاں کیے جانے کے بعد ان میں درستگی کے لیے کوئی بھی شخص محض سادہ کاغذ پر اپنی درخواست جمع کروا سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں خبر ایجنسی کو بتایاکہ فہرستوں دعوٰی جات و دیگر درستگی کے معاملات نمٹائے جانے کے بعد حتمی فہرست مئی میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کے دفتر میں آویزاں کی جائے گی۔

اے پی پی کو دستیاب معلومات کے مطابق آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن راولپنڈی نی15جنوری سے ڈور ٹو ڈور ووٹرز ویریفکیشن مہم شروع کی تھی ۔ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ملک سلیم اختر نے اے پی پی کو بتایاکہ آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلہ میں انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے ووٹرز تصدیقی مہم جاری ہے ۔الیکشن کمیشن راولپنڈی کے مطابق ضلع راولپنڈی میں رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 29,47,715ہے جن میں مرد ووٹروں کی تعداد 15,73,117جبکہ خواتین ووٹروں کی تعداد13,74,598 ہے ۔

ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ ووٹر ز ویریفکیشن مہم نادرا کے جاری کردہ نئے قومی شناختی کارڈ کی بنیاد پر کی گئی ،غلط انٹری کی صورت میں ووٹر کے قومی شناختی کارڈ پر درج مستقل پتہ کے حوالے سے تصحیح کی گئی۔الیکشن کمیشن ذرائع نے اے پی پی کو مزید بتایاکہ نادرا سے حاصل شدہ ڈیٹا کی روشنی میں فوت شدہ ووٹرز کا نام فہرست سے خارج کر دیا گیا ۔ووٹرز ویری فکیشن مہم کے فرائض 49اسسٹنٹ رجسٹریشن آفیسر اور 2223تصدیقی آفیسر سر انجام دے رہے ہیں۔