عدالتی ہفتہ ،ْ ایم کیو ایم کے استعفے ،ْ سابق ڈی جی ایف آئی اے کیخلاف توہین عدالت اور ڈاکٹر شاہد مسعود کے الزامات سے متعلق اہم کیسز کی سماعت ہوگی

سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کیڈ کے زیر انتظام سرکاری ہسپتالوں کے سربراہوں کی تقرری کیس سنے گا تین رکنی بینچ بدھ کو رحمن ملک کے خلاف سٹیل مل کیس میں عدالتی کارروائی میں مداخلت کر نے پر توہین عدالت کے مقدمے کی سماعت کریگا

اتوار 18 مارچ 2018 15:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2018ء) سپریم کورٹ آف پاکستان میں (آج)پیر سے شروع ہونے والے ہفتے کے دور ان ایم کیو ایم کے استعفوں کا کیس ،ْ سابق ڈی جی ایف آئی اے کے خلاف توہین عدالت کیس اور زینب قتل کے حوالے سے ڈاکٹر شاہد مسعود کے الزامات سے متعلق اہم کیسز کی سماعت ہوگی اس سلسلے میں چیف جسٹس آف پاکستان نے چھ بینچز تشکیل دے دیئے ہیں ،ْ تمام بینچ پرنسپل سیٹ اسلام آباد میں مقدمات کی سماعت کرینگے ۔

تفصیلات کے مطابق(آج)پیر کو چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کیڈ کے زیر انتظام سرکاری ہسپتالوں کے سربراہوں کی تقرری کیس سنے گا ۔ (کل)منگل کو این آئی سی ایل کیس میں سابق سیکرٹری داخلہ قمر زمان چوہدری ،ْ سابق ڈی جی ایف آئی اے ملک اقبال اور ڈائریکٹر وقار حیدر کیخلاف توہین عدالت کیس ،ْ قصور میں آٹھ سالہ زینب کی عصمت دری اور قتل کے حوالے سے ڈاکٹر شاہد مسعود کے الزامات سے متعلق کیس کی سماعت ہوگی ۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ بدھ کو سابق وزیر داخلہ رحمن ملک کے خلاف سٹیل مل کیس میں عدالتی کارروائی میں مداخلت کر نے پر توہین عدالت کے مقدمے کی سماعت کریگا ۔بدھ کو سابق وزیر اعظم نوازشریف کے خلاف ڈائریکٹر جنرل سول ایو ی ایشن کی تقرری کے معاملے میں توہین عدالت کے ایک مقدمے کی سماعت ہوگی جبکہ جمعرات کو ایم کیو ایم کے استعفوں اور ساحلی علاقوں میں ماحولیاتی آلودگی کا کیس سناجائیگا ۔ جسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ 21مارچ کو سابق و زیر اعظم بے نظیر بھٹو قتل کیس میں ملزمان کی ضمانت پر رہائی کے خلاف درخواست کی سماعت کریگا ۔