دنیا میںوہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو اپنی نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرتی ہیں‘رہنماء مسلم لیگ (ن)

پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں پڑھنے والے بچے بورڈ کے امتحانات میں اس لیئے نمایاں نمبرات حاصل کرتے ہیں ان پر والدین خود نگرانی کرتے ہیں

اتوار 18 مارچ 2018 14:50

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2018ء) دنیا میںوہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو اپنی نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرتی ہیں، اسلام واحد مذہب ہے جو سب سے زیادہ تعلیم پر زور دیتا ہے۔ تعلیم کے فروغ کے بغیر ترقی و خوشحالی کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔ ، کوانٹیٹی آف ایجوکیشن سے کوالٹی آف ایجوکیشن پر توجہ کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے ممبر مرکزی مجلس عاملہ شیخ سراج منیر ، ایم ڈی فیوچر ہوپ ماڈل سکول قاری صابر صدیقی، سیکرٹری اطلاعات سینٹرل یونین آف جرنلسٹس مظفرآباد محمد اقبال میر، راجہ منصف خان، چوہدری محمد بشیر، چوہدری عبدالشکور، جاوید سلہریا و دیگر نے فیوچر ہوپ ماڈل سکول کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ دنیا کی ترقی کا راز ہی تعلیم میں مضمر ہے، تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی کی نہیں کرسکتی، تعلیمی میدان میں مقابلے کا رجحان بڑھتا جارہا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ معیار تعلیم کو بہتر سے بہتر بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعلیم کیساتھ ساتھ تربیت کا حصول ناگزیر ہے، ماں کی گود بچے کی پہلی درسگا ہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں پڑھنے والے بچے بورڈ کے امتحانات میں اس لیئے نمایاں نمبرات حاصل کرتے ہیں کہ ان پر والدین خود نگرانی کرتے ہیں ، سرکاری تعلیمی اداروں میں پڑھنے والے بچوں پر اساتذہ کیساتھ ساتھ والدین کی توجہ کی ضرورت ہے۔ والدین اور اساتذہ بچوں کے معیار تعلیم کو بہتر بنانے کیلئے پل کا کردار ادا کرسکتے ہیں۔

مقررین کا کہنا تھا کہ پبلک سروس کمیشن کی تشکیل نو سے پڑھے لکھے لوگ آگے آرہے ہیں ، محکمہ تعلیم میں اساتذہ بھرتی کیلئے این ٹی ایس کو لازمی قرار دیا گیا ہے اگر دیگر شعبہ جات میں بھی اسی طرح سے اقدامات کیئے جائیں تو سفارشی کلچر کا خاتمہ ممکن ہوسکے گا اور عوام کا احساس محرومی بھی کم ہوگا۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے ممبرمرکزی مجلس عاملہ شیخ سراج منیر نے فیو چر ہوپ ماڈل سکول کی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی جنہوں نے بچوں کی تعلیم و تربیت کیلئے دن رات محنت کی اور سالانہ رزلٹ تقریب میں بچوں کی پرفارمنس کو خوب داد دی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں تعلیم کم تھی مگر معیار بہت بہتر تھا ۔ آج بچوں پر کتابوں کا بوجھ ڈالا جاتا ہے اُس وقت کتابوں کا بوجھ بھی کم تھا ۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ کوانٹیٹی سے زیادہ کوالٹی پر توجہ دی جائے ۔ سرکاری سکولوں میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے کیلئے ضروری ہے کہ محکمہ تعلیم کے اندر اصلاحات لائی جائیں اور خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی جائے جو ہر سکول کی نگرانی کرے۔

ایڈہاک ازم، ٹھیکہ سسٹم ہمارے معاشرے میں ناسور کی حیثیت رکھتا ہے جس کا خاتمہ ضروری ہے۔مسلم لیگ ن کی حکومت اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے ہر ممکن کردار اد اکررہی ہے۔ اس موقع پر بچوں نے رنگا رنگ پروگرامات پیش کیئے اور حاضرین کے دل مو لیئے ۔ بچوں کو بہترین کارکردگی پر انعامات بھی تقسیم کیئے گئے۔

متعلقہ عنوان :