زرعی سائنسدان خشک سالی کیخلاف مزاحمت کی صلاحیت رکھنے والی اجناس اور سبزیوں کی اقسام پر تحقیق کریں

رائیکن سنٹر فار سسٹین ایبل ریسورس سائنس جاپان کے اشتراک سے خشک سالی کے زراعت پر اثرات اور بچائو پر ورکشاپ کا انعقاد

اتوار 18 مارچ 2018 14:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2018ء)پنجاب یونیورسٹی سنٹرآف ایکسلینس ان مالیکیولر بائیولوجی کے زیر اہتمام رائیکن سنٹر فار سسٹین ایبل ریسورس سائنس جاپان کے اشتراک سے خشک سالی اور اس سے بچائو کی حفاظتی تدابیر کے موضو ع پر بین الاقوامی ورکشاپ کا انعقاد کیا ۔ ورکشاپ میں ڈین فیکلٹی آف لائف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان، جاپانی زرعی سائنسدان ڈاکٹر موتوئکی سیکی،ڈائریکٹر کیمب پروفیسر ڈاکٹر طیب حسنین، ،فوڈ ایگریکلچر اینڈ ریسرچ منسٹری سے جوائنٹ سیکریٹری سلیم رضا، ایڈیشنل سیکریٹری پنجاب ایگریکلچرل ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر غضفنر علی خان، ڈائریکٹر نیلم سیڈز سید حسن رضا، ڈاکٹر خرم بشیر،ڈاکٹر بشریٰ رشید،سو سے زائد سائنسدان، محققین ، فیکلٹی ممبران و دیگر شریک ہوئے ۔

(جاری ہے)

تقریب کے افتتاحی سیشن سے خطاب میں ڈاکٹر محمد نعیم خان نے کہا کہ پاکستان کے زرعی سائنسدانوں کو کاٹن ، چاول ، گندم اور سبزیوں کی ایسی اقسام پر تحقیق کرنی چاہیے جو خشک سالی کے خلاف مزاحمت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔ انہوں نے فیکلٹی آف لائف سائنسز میں کیمب کی خدمات کو سراہا۔ ڈاکٹر طیب حسنین نے کیمب میں جاری تحقیقی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔

سید حسن رضا نے پاکستان میں خشک سالی پر ہونے والی تحقیق پر گفتگو کی۔ ڈاکٹر موتوئکی نے رائیکن سنٹرجاپان میں جاری تحقیق پر آگاہی فراہم کی ۔ڈاکٹر خرم بشیر نے رائیکن سنٹر جاپان اور پنجاب یونیورسٹی کیمب کے مابین تعلقات کو فروغ دینے پر زور دیا۔ ڈاکٹر بشریٰ نے ورکشاپ کے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے پاکستان اور جاپان کے درمیان باہمی روابط کو مضبوط کرنے کی کاوش قرار دیا۔