بینک آف آزاد جموں و کشمیر کی ویب سائٹ سے منسلک ویب پورٹل لانچ کر دیا گیا

اتوار 18 مارچ 2018 13:00

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2018ء)بینک آف آزاد جموں و کشمیر کی ویب سائٹ سے منسلک ویب پورٹل لانچ کر دیا گیا۔آئی ٹی کے جدید معیار کے مطابق ڈیزائن کردہ ویب پورٹل میں بینک کے جملہ قواعد و ضوابط، پالیسیاں، میکنزم، سٹیٹ بینک کی پروڈنشل ریگولیشنز، کریڈٹ پروفارماز وغیرہ یکجا کر دیئے گئے ہیں۔ ویب پورٹل کا افتتاح گزشتہ روز یہاں بینک کے ہیڈ آفس میں منعقدہ ایک تقریب میں سیکریٹری صنعت وحرفت حکومت آزاد کشمیر راجہ طارق مسعود خان نے کیا ، جو بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی آئی ٹی کمیٹی کے چیئر مین بھی ہیں۔

تقریب کے آغاز پر بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر جناب عمران صمد نے معزز صارفین کی جدید سہولیات کے لئے کئے گئے مختلف اقدامات سے متعلق بریفنگ دی اور کہا کہ پورٹل لانچ ہونے سے بینک کے ہیڈ آفس، فیلڈ آفسز اور برانچوں کی کارکردگی سمیت صارفین کی خدمات میں نمایاں بہتری آئے گی۔

(جاری ہے)

جب کہ ڈویژنل ہیڈ آئی ٹی جناب احتشام ملک نے ویب پورٹل کے اغراض و مقاصد پرپریذنٹیشن دی۔

اس موقع پر مہمان خصوصی راجہ طارق مسعود خان نے کہا کہ بینک آف آزاد جموں و کشمیر ہم سب کا بینک ہے۔ اس کی کامیابی میں ہر کسی نے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ بینک کی نئی لیڈر شپ کی زیر قیادت بینک کی نمایاں ترقی کا اعتراف کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ حکومت بینک کی کامیابی میں ہر ممکن تعاون کرے گی۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ ویب پورٹل کی مدد سے آزاد ریاست کے دور دراز علاقوں میں قائم بینک برانچزکو ہیڈ آفس کی تمام ہدایات اور پالیسیوں تک فوری رسائی حاصل ہوگی جہاں مواصلاتی سہولیات کی فراہمی مشکل ہے۔ پورٹل میں سیکورٹی اور ریسپانسیو ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔ جس کی وجہ سے یہ پورٹل ٹیبلٹ، آئی پیڈ، آئی فونز اور دیگر سمارٹ فونز پر بھی دستیاب ہو گا۔