توانائی کے شعبے میں گردشی قرضوں بارے جلد وائٹ پیپر جاری کیا جائیگا‘ تحریک انصاف

پاور ہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کے قرضوں کیساتھ حجم922ارب سے بھی تجاوز کر گیا ہے‘ جمشید چیمہ

اتوار 18 مارچ 2018 13:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2018ء)تحریک انصاف پنجاب کے سینئر نائب صدر جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت توانائی کے شعبے میں گردشی قرضوں کے معاملے پر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہی ہے ،یہ قرضے 472ارب نہیں بلکہ پاور ہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کے قرضوں کیساتھ نومبر 2017ء تک ان کا حجم922ارب سے بھی تجاوز کر گیا ہے ،تجربہ کار حکمرانوں کی ڈیلی ویجز پالیسیوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت معیشت کو اپنے پائوں پرکھڑا کرنے کے دعوے کرتے نہیں تھکتی لیکن اصل حقائق اس کے برعکس ہیں ۔زر مبادلہ کے ذخائر اور آنے والے چند ماہ میں بیرونی ادائیگیوں کے حوالے سے عالمی مالیاتی ادارے کی رپورٹ نے معیشت کی گڈ گورننس کا کچا چٹھہ کھول کررکھ دیا ہے ۔

(جاری ہے)

جمشید چیمہ نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں گردشی قرضوں کے بارے میں اصل حقائق جلد قوم کے سامنے لائے جائیں گے اور اس حوالے سے حقائق نامہ جاری کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے آنے والے دنوں میں یوٹیلٹی بلز میں کئی گنا اضافے کے ذریعے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیںاور اس سلسلہ میں آئی ایم ایف کو قدرتی گیس اور بجلی کے ٹیرف میں فوری اضافے کی یقین دہانی بھی کرادی۔