65ء کی جنگ میں دشمن کو ناکوں چنے چبوانے والے ایم ایم عالم کی پانچویں برسی منائی گئی

اتوار 18 مارچ 2018 13:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2018ء)7ستمبر 1965 کو ایک منٹ سے بھی کم وقت میں دشمن کے پانچ جنگی طیاروں کو تباہ کرکے عالمی ریکارڈ بنانے والے اسکورڈن لیڈر ایم ایم عالم کی پانچویں برسی منائی گئی ۔محمد محمود عالم 6 جولائی 1935 کو بھارت کے شہر کولکتہ میں پیدا ہوئے اور 1953 میں پاک فضائیہ میں شمولیت اختیار کی۔ایم ایم عالم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان 1965 کی جنگ میں شجاعت اور بہادری کی ایسی لازوال تاریخ رقم کی جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔

(جاری ہے)

اپنی ہوا بازی کے کارناموں سے اسکوارڈن لیڈر ایم ایم عالم نے دشمن کو ناکوں چنے چبوا دئیے اور دشمن کے پانچ جنگی طیارے ایک منٹ میں زمین پر مار گرائے۔ان کا یہ کارنامہ پاک فضائیہ کی تاریخ میں ایک سنہرا باب ہے جسے ایک معجزہ تصور کیا جاتا ہے۔ ایم ایم عالم کی جرت اور بہادری کے باعث انہیں ستارہ جرت سے بھی نوازا گیا اور پھر یہ 1982 میں ایئر کموڈور کے عہدے سے ریٹائرڈ ہوگئے۔ قوم کے یہ ہیرو 18 مارچ 2013 کو طویل علالت کے بعد 78 برس کی عمر میں اس دنیا سے رخصت ہوئے۔