کشمیریوں کا حق خودارادیت کا مطالبہ ا قوامِ متحدہ کے منشور کے عین مطابق ہے ،سید علی گیلانی

اتوار 18 مارچ 2018 12:30

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ حق خودارادیت کشمیری عوام کا پیدائشی حق ہے اور کشمیریوں کا یہ مطالبہ اقوامِ متحدہ کے منشور کے عین مطابق ہے جسے طاقت کے بل پر کچلا نہیں جاسکتا۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارت پر زور دیا کہ وہ جموں وکشمیر میں فوجی طاقت کے بے تحاشا استعمال، انتقامی کارروائیوں اور تشدد کی سیاست سے بازرہے۔

انہوںنے فرقہ پرست بھارتی حکومت کے سرپرست اور آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھگوت کے متکبرانہ بیان پر ِ افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے گزشتہ 70سال کے دوران جموں وکشمیر کو خون ناحق سے لالہ زار بنادیا ہے، جیل خانے بے گناہ لوگوں سے بھر دیے، خواتین کی عزت وعصمت کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا، زیرِ حراست گمشدہ افرادکو اجتماعی قبروں میں دفن کردیا اورہرقسم کے انسانی حقوق کو پامال کردیا، لیکن ان انسانیت سوز مظالم کے باوجود جموں وکشمیر کے عوام کے جذبہ ٴ حریت میں کوئی کمی نہیں آسکی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ حقِ خودارادیت کی مبنی برحق تحریک ہماری چوتھی نسل میں منتقل ہوکر نئے حوصلوں اور ولولوں کے ساتھ اپنے منطقی انجام کی جانب رواں دواں ہے۔سید علی گیلانی نے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مظلوم کشمیری قوم بھارت کے فوجی طاقت اور استبدادی حربوں سے مرعوب نہیں ہوجائے گی بلکہ اپنی بیش بہا قربانیوں کی خود حفاظت کرتے ہوئے کسی کو ان قربانیوں کے ساتھ غداری کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔

انہوں نے باہمی اتحاد، بھائی چارے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے اوراپنی صفوں سے کالی بھیڑوں کو نکال باہر کرنے کی اپیل کی۔ انہوںنے مسئلہ کشمیر کو ایک سیاسی اور انسانی مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اِسے طاقت کے بے تحاشا استعمال اور ظلم وجبر کی پالیسیوں سے حل نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے بھارت پر زوردیا کہ وہ جبرواستبداد کی روایتی پالیسیوں کو ترک کرکے اقوامِ متحدہ کی تسلیم شدہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا پٴْرامن اور منصفانہ حل تلاش کرے۔

متعلقہ عنوان :