رمضان میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے تھوک مارکیٹوں کے تاجروں سے ملاقاتیں کی جائینگی‘ چیئرمین پی سی سی

اشیاء کی مقررہ نرخوں پر فروخت کے حوالے سے مختلف ممالک کے میکنزم کو سٹڈی کر رہے ہیں‘ میاں عثمان

اتوار 18 مارچ 2018 12:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2018ء)چیئر مین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے کہا ہے کہ اشیائے خوردونوش کی مقررہ نرخوں پر فروخت کے حوالے سے مختلف ممالک کے میکنزم کو سٹڈی کر رہے ہیں ،کامیا ب ماڈل پرمشاورت کر کے اپنے نظام میں اصلاحات کے ذریعے بہتری لائیں گے ،عوام کو گراں فروشوں کے استحصال سے بچانے کیلئے دن رات کوشاں ہیںاور ایسے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے اپنے دفتر میں صارفین کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ چیئرمین پی سی سی میاں عثمان نے کہا کہ یہ انتہائی خوش آئند ہے کہ گراں فروشوں کے خلاف مہم سے عوام میں بھی اپنے حقوق کا شعور بیدا ہوا ہے اور حالیہ مہینوں میں ہمیں ٹیلیفون کالز کر کے شکایات نوٹ کرائی گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہر علاقے کی اوپن مارکیٹوںمیں بلا تفریق کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے جبکہ بڑے ڈیپارٹمنٹل سٹورز کو خلاف ورزی پر بھاری جرمانے کئے گئے ہیں۔

ان کارروائیوں کا مقصد دکانداروں کو ہراساں کرنا نہیں بلکہ سرکاری نرخوں کے مطابق اشیاء کی فروخت کو یقینی بنانا ہے ۔ کئی علاقوں میں متعدد بار اچانک دورے کئے گئے ہیں اور ایسے دکاندار بھی موجود ہیں جن کے خلاف کوئی شکایت موجود نہیں اور انہیں انتظامیہ کی جانب سے بھرپور سراہا جاتا ہے ۔ میاں عثمان نے کہا کہ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے سبزیوں، پھلوں اور اشیائے خوردونوش کی تھوک مارکیٹوں کے تاجروں سے بھی ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کیا جائے گا جبکہ پرچون سطح پر تاجروں کو بھی اعتماد میں لیں گے۔