پی ایس ایل پلے آف میچز کے انعقاد کیلئے تمام تر انتظامات مکمل

اتوار 18 مارچ 2018 12:00

لاہور۔18 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2018ء) شائقین کرکٹ کے انتظار کی گھڑیاں ختم ، پی ایس ایل تھری کے سلسلہ میں قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہونے والے دو پلے آف میچز کا پہلا میچ 20 مارچ کو قذافی سٹیڈیم میں دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کی ٹیم اور گزشتہ پی ایس ایل کا فائنل کھیلنے والی کوئیٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین شام سات بجے کھیلا جائے گا جس کے انعقاد کے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، میچ میں ایمپائرنگ کے فرائض علیم ڈار اور راشد سر انجام دیں گے جبکہ احمد شاہ زیب ٹی وی ایمپائر ہوں گے۔

دونوں ٹیمیں گزشتہ سال پی ایس ایل 2کا فائنل کھیل چکی ہیں جس میں پشاور زلمی کی ٹیم فاتح رہی تھی،پشاور زلمی کے جاوید آفریدی نے بتایا ہے کہ ان کے تمام غیرملکی کرکٹرز پاکستان میں ہونے والے میچز کھیلیں گے ۔

(جاری ہے)

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) تھری کے لیگ میچز میں پوائنٹس ٹیبل پر پشاور زلمی کا تیسرا نمبر ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا چوتھا نمبر ہے ۔

پشاور زلمی کی ٹیم نے 10میچز میں سی پانچ جیتے پانچ ہارے اور دس پوائنٹس حاصل کیئے ۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے دس میں سے پانچ جیتے اور پانچ ہارے اور اس کے بھی دس پوائنٹس ہیں ۔ جبکہ دو ٹیموں کا ایک میچ میں سب سے چھوٹا مجموعی اسکور لاہور اور پشاور زلمی کے میچ میں بنا جب دونوں ٹیموں نے 204 رنز بنائے۔رنز کے حساب سے سب سے بڑی جیت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کے خلاف 67 رنز سے حاصل کی۔

وکٹوں کے حساب سے سب سے بڑی فتح پشاور زلمی کو لاہور قلندرز کے خلاف 10 وکٹوں سے ملی۔۔لیگ میچز کے دوران نمبر ون بیٹسمین پشاور زلمی کے کامران اکمل رہے، جنہوں نے 10 میچز میں 347 رنز بنائے۔کامران نے ہی اب تک پی ایس ایل تھری کی واحد سینچری اسکور کی اور انہوں نے ہی سب سے زیادہ 36 چوکے لگائے۔ دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ کامران اکمل 2 بار صفر پر بھی آؤٹ ہوئے لیکن شاہین آفریدی نے صرف 7 میچز میں دو بار زیرو پر آؤٹ ہوکر کامران کو اس فہرست میں سب سے اوپر آنے سے بچالیا۔

مکمل 10 میچز کھیلنے والے بیٹسمین کی اوسط میں بھی کامران اکمل نمبر ون آئے اور انھوں نی43.37 کی اوسط سے لیگ میچز میں رن بنائے۔8 لیگ میچز کھیلنے والوں میں ڈیرن سیمی کا اسٹرائیک ریٹ سب سے بہتر رہا۔9 میچز کے اسٹرائیک ریٹ میں اسلام آباد کے لیوک رونکی کا نمبر پہلا آیا۔ 10 میچز کھیلنے والوں میں اسلام آباد کے آصف علی سب سے آگے رہے۔سب سے زیادہ 4 نصف سنچریوں کا ریکارڈ بھی کامران اکمل کے نام رہا لیکن یہاں ان کے کزن بابر اعظم کا نام بھی ان کے ساتھ آیا کیونکہ انھوں نے بھی 4 ففٹیز اسکور کیں۔

لیگ میچز کے دوران سب سے زیادہ 22 چھکے کوئٹہ کے شین واٹسن نے لگائے۔کسی ایک اننگ میں سب سے زیادہ 7 چھکوں کا ریکارڈ 4 پلیئرز نے شیئر کیا، جن میں ملتان کے صہیب مقصود،کوئٹہ کے شین واٹسن، زلمی کے کامران اکمل اور قلندرز کے ڈیوچچ شامل ہیں۔10 میچز کھیلنے والوں میں سب سے سستے بالر کوئٹہ کے محمد نواز رہے جنھوں نے صرف 5.46 رن فی اوور کی اوسط سے مجموعی طور پر 32 اوورز میں صرف 175 رن دیئے۔پی ایس ایل کے دو پلے آف میچز 20اور 21مارچ کو لاہور اور فائنل 25مارچ کو کراچی میں کھیلا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :