دودھ کی قیمتوں میں اضافہ شہریوں پر ظلم ہے ،رحمت بھائی

نرخ بڑھانا عدالت عظمیٰ کی جانب سے بھینسوں کے انجکشن پرعائد پابندی کا ردعمل لگتاہے ،اضافہ واپس لیا جائے،سماجی رہنما

اتوار 18 مارچ 2018 11:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2018ء) ممتاز بزرگ سماجی رہنما رحمت بھائی نے کہاہے کہ دودھ کی قیمتوں میں اضافہ شہریوں پر ظلم ہے۔پٹرول کے نرخ اورپیداواری لاگت بڑھنے کا جواز بنا کردوھ کر قیمتیں بڑھا نے کا عمل بہت پرانا ہے، یہ بات گزشتہ روز انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی ۔رحمت بھائی نے کہا کہ دودھ کی قیمتوں میں اضافہ کسی طور درست نہیں ہے ۔

فی لیٹر دودھ پہلے ہی مہنگے داموں بیچا جارہا ہے جبکہ دودھ فروش ملاوٹ کر کے شہریوں کو دودھ سپلائی کرتے ہیں جن سے ان کے وارے کے نیارے ہیں ۔اس کے باوجود تسلی نہ ہونے پر ہرسال قیمتیں بڑھا دی جاتی ہیں ۔دودھ فروشوں کا دودھ چیک کرنے اور انہیں ملاوٹ سے روکنے والا کوئی نہیں ہے۔ قیمتیں بڑھا کر عام آدمی کو متاثرکیا جاتا ہے جو سرسر ناانصافی ہے ۔

(جاری ہے)

رحمت بھائی نے کہا کہ ڈیری فارمرز اوردودھ فروش عوام پر رحم کھائیں ۔ انہوں نے کہا کہ جانوروں کو انجیکشن لگائے جاتے ہیں اورانہیں ناقص غذا وپانی فراہم کی جاتی ہے جو انسانی صحت کیلئے مضر ہوتی ہے ۔دودھ کی قیمتوں میں اضافہ عدالت عظمیٰ کی جانب سے بھینسوں کے انجیکشن پرعائد پابندی کا ردعمل لگتا ہے۔رحمت بھائی نے اپیل کی کہ غریب عوام کی مفاد کی خاطر دودھ کی قیمتوں میں اضافے کو واپس لیا جائے ،انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے بھی از خود نوٹس لینے کامطالبہ کیا۔