ضیا دورکی پیداوارنوازشریف ملک میں انتشار چاہتے ہیں، مولابخش چانڈیو

نواز لیگ خود کو ملکی سلامتی کی ٹھیکیدار سمجھتی ہے، حالانکہ میاں صاحب کے رویے سے ملک کو خطرہ ہے، مرکزی سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی پارلیمنٹرنز

اتوار 18 مارچ 2018 11:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرنزکے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سنیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ نواز شریف سیاسی طور پر ضیاء الحق کے دور میں پیدا ہوئے، ان کی سیاست پاکستان کے خلاف ہے وہ ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں۔ایک خصوصی انٹرویومیں مولابخش چانڈیو نے کہا کہ میاں صاحب نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کے خلاف احتساب کانعرہ لگایا اور آج جب احتساب کارخ ان کی طرف ہوگیا تو وہ قومی اداروں کو گالیاں دے رہے ہیں، احتساب تو ان کی خواہش تھی اب ہورہا ہے تو چیخ کیوں رہے ہیں۔

میاں صاحب کے پیر ضیاء الحق نے جمہوری عمل روک کر ہمیں سزائیں دیں، میاں صاحب کے ساتھ اگرزیادتی ہوئی ہے تو اس کا بھی فیصلہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ میاں صاحب اپنے آپ کو پاکستان کا چیمپئن اور نواز لیگ خود کو ملکی سلامتی کی ٹھیکیدار سمجھتی ہے، حالانکہ میاں صاحب کے رویے سے ملک کو خطرہ ہے، اسی رویے کی وجہ سے وہ وزیراعظم کی کرسی سے اترے، میاں صاحب کو صوبوں سے دشمنی لے ڈوبی۔

(جاری ہے)

مولابخش چانڈیو نے کہا کہ نواز شریف قانونی محاذ پرجنگ ہار چکے، ان کی سیاست پاکستان کیخلاف ہے، وہ سیاست میں خود کش بمبار بن چکے ہیں، میاں صاحب آپ نے بہت کچھ بویا، ابھی صبرکریں بہت کچھ کاٹنا ہے۔ایک سوال کے جواب میں مولابخش چانڈیونے کہاکہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے آج تک ایسا کوئی لفظ نہیں کہا کہ جس سے پارٹی کارکنان مشتعل ہوں۔

متعلقہ عنوان :