بغیر معاوضہ فلموں میں کام کرنے والے بڑے اداکار

صف اول متعدد اداکار ہمدردی اوردوستی کی بنیاد پر کئی بار بغیر ایک پیسہ وصول کیے یا بہت کم معاوضے پر فلموں میں کام کرچکے ہیں ان میں سلمان خان‘دیپیکا‘شاہ رخ ‘کرینہ کپور‘کترینہ کیف‘سوناکشی سنہا‘شاہد کپور‘سونم کپور‘رانی مکھرجی‘پریانکا چوپڑاشامل ہیں

اتوار 18 مارچ 2018 11:20

بغیر معاوضہ فلموں میں کام کرنے والے بڑے اداکار
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2018ء)بھارتی فلم انڈسٹری میں فلمسازو پروڈیوسر اکثر اداکاروں کی جانب سے زیادہ معاوضہ وصول کرنے کی شکایت کرتے نظر آتے ہیں، کچھ پروڈیوسرز کا تو یہ بھی کہنا ہے کہ اداکاروں کی جانب سے طلب کیا جانے والا معاوضہ کروڑوں میں ہوتا ہے جس سے فلم کا بجٹ اور فلم میں کام کرنے والے دیگر اداکاروں کے معاوضے پر اثر پڑتا ہے۔

لیکن یہ پورا سچ نہیں ہے بالی ووڈ کے صف اول اداکاروں میں شمار ہونے والے متعدد اداکار ہمدردی اوردوستی کی بنیاد پر کئی بار بغیر ایک پیسہ وصول کیے یا بہت کم معاوضے پر فلموں میں کام کرچکے ہیں۔بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کا شمار شوبزانڈسٹری میں بھاری معاوضہ وصول کرنے والے اداکاروں میں ہوتا ہے تاہم ان کی دریا دلی بھی اتنی ہی مشہور ہے ۔

(جاری ہے)

سلمان خان نے ہدایت کار فرح خان کی فلم’’تیس مار خان‘‘،’’سن آف سردار‘‘اور’’فگلی‘‘میں مہمان اداکار کے طور پر کردار نبھایاتھا اور ان کرداروں کے لیے کوئی معاوضہ نہیں لیاتھا۔نامور بالی ووڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون نے 2007 میں شاہ رخ خان کے مقابل فلم’’اوم شانتی اوم‘‘کے ذریعے بالی ووڈ میں ڈیبیو کیاتھا، یہ فلم سپر ہٹ ثابت ہوئی تھی لیکن یہ بات بہت کم لوگ جانتے ہیں دپیکا پڈوکون نے اپنی پہلی فلم میں کام کرنے کا کوئی معاوضہ وصول نہیں کیاتھا۔

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان فلموں میں کام کرنے کا معاوضہ نہیں لیتے بلکہ فلم کے بزنس میں شراکت داری کرتے ہیں۔ جس کا منافع کروڑوں میں ہوتاہے۔ تاہم انہوں نی2014 میں ریلیز ہوئی فلم’’بھوت ناتھ ریٹرنز‘‘میں کام کرنیکا ایک پیسہ بھی وصول نہیں کیاتھا۔2009 میں ریلیز ہوئی فلم’’بلو، باربر‘‘کے گانے ’’مرجانی‘‘میں اداکارہ کرینہ کپور نے پرفارم کرنے کے کوئی پیسے نہیں لیے تھیاس کے علاوہ فلم’’دبنگ2‘‘کے مقبول ترین گیت’’فیوی کول‘‘کے لیے بھی انہوں نے کوئی معاوضہ نہیں لیاتھا۔

نامور اداکارہ کترینہ کیف کا فلم’’اگنی پتھ‘‘کے لیے فلمایا گیا مشہور گانا‘‘چکنی چمبیلی‘‘ اپنے وقت کا مقبول ترین گانا تھا جس کے لیے انہوں نے کوئی معاوضہ نہیں لیاتھا، تاہم گانے کی مقبولیت کے پیش نظر فلم کی ریلیز کے بعد فلم کے پروڈیوسر کرن جوہر نے انہیں چار کروڑ کی فراری بطور تحفہ دی تھی۔بالی ووڈ کی دبنگ اداکارہ سوناکشی سنہا نے 2013 میں ریلیز ہوئی اکشے کمار کی فلم ’’باس‘‘کے ایک گانے میں پرفارم کرنے کے لیے کوئی معاوضہ نہیں لیاتھا۔

نامور بالی ووڈ اداکار شاہد کپور نے ہدایت کار وشال بھردواج کی کامیاب فلم’’حیدر‘‘میں مرکزی کردار نبھایاتھا اور اس کردار کے لیے انہوں نے ایک پیسہ بھی چارج نہیں کیاتھا۔ بعدازاں یہ فلم شاہد کپور کے زوال پزیر ہوتے ہوئے کیریئر کے لیے ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوئی تھی۔اداکارہ سونم کپور نے 2013 میں ریلیز ہوئی فلم’’بھاگ ملکھا بھاگ‘‘میں کام کرنے کے لیے صرف 13 روپے وصول کیے تھے۔

2001 کی کامیاب ترین فلم’’کبھی خوشی کبھی غم‘‘میں اداکارہ رانی مکھرجی نیشاہ رخ خان کی بچپن کی دوست کا مختصر کردار اداکیاتھااور اس کردار کے لیے انہوں نے کوئی معاوضہ وصول نہیں کیاتھا۔نامور اداکارہ پریانکا چوپڑا نے فلم ’’بلو؛ باربر‘‘کے لیے شاہ رخ خان کے ساتھ آئٹم نمبر کرنے کا کوئی معاوضہ وصول نہیں کیاتھا۔