صوبائی حکومت پٹواریوں کے مطالبات فوری حل کرے ورنہ صوبائی اسمبلی کے سامنے دھرنا دیں گے، چوہدری اورنگزیب

اتوار 18 مارچ 2018 10:30

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2018ء) قومی وطن پارٹی کے ڈویژنل چیئرمین چوہدری اورنگزیب نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت پٹواریوں کے مطالبات فوری حل کرے ورنہ قومی وطن پارٹی کے ممبران اسمبلی پٹواریوں کے ہمراہ صوبائی اسمبلی کے سامنے دھرنا دیں گے۔ خیبرپختونخوا کے پٹواریوں کے جائز مطالبات کے حل کیلئے پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد شیرپاؤ سے بات ہوئی ہے،پارٹی قائد نے پٹواریوں کے مسائل کے حل کیلئے اپنے ممبران اسمبلی کے ذریعے صوبائی اسمبلی میں آواز بلند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ہری پور میں انجمن پٹواریاں وقانون گوئیاں کے احتجاجی کیمپ میں شرکت کے دوران کیمپ میں شریک پٹواریوں سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری اورنگزیب نے کہا کہ قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤاورصوبائی چیئرمین سکندر شیرپاؤ سے ان کی اس حوالہ سے تفصیلی بات ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

پارٹی کے قائد اورصوبائی چیئرمین نے انہیں بتایا کہ صوبائی اسمبلی میں قومی وطن پارٹی کے 10ممبران موجود ہیں۔

قومی وطن پارٹی کے ممبران اسمبلی پٹواریوں کے مسائل کے حل کے حوالہ سے اسمبلی فلور پر آواز اٹھائیں گے۔چوہدری اورنگزیب نے کہا کہ خیبرپختونخواکے پٹواریوں کے مطالبات کے حل کیلئے صوبائی اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنا بھی دیناپڑا تو وہ دریغ نہیں کریں گے۔اس موقع پر انجمن پٹواریاں وقانون گوئیاں کے ذمہ داروں نے چوہدری اورنگزیب اورضلع ایبٹ آباد کے چیئرمین شیخ نثار احمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔