دار الرحمت ہسپتال چارسدہ میں کالا موتیا کے حوالے سے پُر وقار تقریب

اتوار 18 مارچ 2018 10:00

چارسدہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2018ء)کالا موتیا کا عالمی ہفتہ پوری دُنیا میں 11مارچ سے 17مارچ تک کالے موتیا کے مریضوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں شیخ کلے چارسدہ میں واقع’’دارالرحمت‘‘ ہسپتا ل میں بھی ایک پُر وقارتقریب منعقد ہوئی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان ِ خصوصی سیکرٹری لوکل کونسل بور ڈخیبر پختونخوا ریحان گل خٹک نے دارالرحمت ہسپتال کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یقینًً وہ لوگ اور ادارے عظیم ہوتے ہیں جو دکھی انسانیت کیلئے کام کرتے ہیں دار الرحمت ہسپتال اُن میں سے ایک ہے جہاں پر غریب و نادار مریضوں کا مفت اور تسلی بخش علاج کیا جاتا ہے۔

ڈائریکٹر سوشل ویلویلفیئر عبدالغفور شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس دن کے منانے کا مقصد یہ ہے کہ کالا موتیا کے بارے میں آگاہی پیدا کی جائے کیونکہ یہ ایک خاموش مرض ہے جو انسان کو آہستہ آہستہ بینائی سے محروم کرکے تاحیات معزور بنا دیتا ہے۔

(جاری ہے)

۔اُنہوں نے کہا کہ ہمارے اردگرد بہت سے ایسے اندھے پن کے شکار لوگ موجود ہیں جس کا علاج آسانی کے ساتھ ممکن ہوتا ہے لیکن وہ اس سے بے خبر ہوتے ہیں اس لئے ہمارا فرض بنتا ہے کہ ان کو صحیح راستہ بتائیں۔

دار الرحمت ہسپتال کے ایڈمنسٹریٹر ثنا ء اللہ خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ ہفتہ درحقیقت اندھے پن کے خلاف ایک مہم کے طور پر منایا جاتا ہے ۔تقریب میں ہسپتا ل کے عملے کے علاوہ سیاسی و سماجی شخصیات، صحافیوں اور بصارت سے محروم افراد نے بھی شرکت کی۔