کوئٹہ ،ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن اور پیرامیڈیکس اسٹاف نے صوبائی وزیر داخلہ کی یقین دہانی اپنا احتجاج موخرکردیا

ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس مطالبات تسلیم کرنے کے بعد امید ہے کہ عوام کو ہسپتالوں میں مشکلات کا سامنا نہیںکرنا پڑے گا،میر سرفراز بگٹی

ہفتہ 17 مارچ 2018 23:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مارچ2018ء) ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن اور پیرامیڈیکس اسٹاف نے صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی کی یقین دہانی اپنا احتجاج موخر کرتے ہوئے او پی ڈیز کا بائیکاٹ ختم کر دیا میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان ہم سب کا صوبہ ہے جسے ملکر مسائل سے نکالنا ہوگا ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس مطالبات تسلیم کرنے کے بعد امید ہے کہ عوام کو ہسپتالوں میں مشکلات کا سامنا نہیںکرنا پڑے گا گزشتہ روز صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی صوبائی وزیر صحت میر ماجد ابڑو اپوزیشن لیڈر عبدالرحیم زیارتوال اور رکن صوبائی اسمبلی میر اظہار کھوسہ نے سول ہسپتال میں قائم ینگ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس اسٹاف کے احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا اس موقع پر ڈاکٹرز کی جانب سے ان کے مطالبات سامنے رکھے گئے صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے حکومت کی جانب سے ڈاکٹرز کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مطالبات پرعملدرآمد کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں تاہم ڈاکٹروں کی جانب سے او پی ڈیز کے بائیکاٹ کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جو حکومت اور خود ڈاکٹروںکے لئے پریشانی کا مرحلہ ہے لہٰذا ڈاکٹرز او پی ڈیز کا بائیکاٹ ختم کریں تاکہ مریضوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے بلوچستان ہم سب کس صوبہ ہے اور یہاں کے عوام کی خدمات کرنا ہر اس شخص کا فرض بنتا ہے جو کسی نہ کسی سرکاری یا غیرسرکاری ادارے میں اپنی خدمات پیش کررہا ہے اس موقع پر اپوزیشن لیڈر عبدالرحیم زیارتوال نے ڈاکٹروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ کہ ہم حکومت کا حصہ نہیں مگر او پی ڈیز کے بائیکاٹ سے جہاں حکومت کو مشکلات ہیں وہاں ہمیں خود بھی تکلیف ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ عوام کے وسیع تر مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے او پی ڈیز کے بائیکاٹ کا خاتمہ کیا جائے اس موقع پر صوبائی وزیرداخلہ میر سرفراز بگٹی ‘ صوبائی وزیر صحت میر ماجد ابڑو نے ینگ ڈاکٹر کی ہائوس جاب تنخواہوں میں 90 اور 100 فیصد اضافے کا اعلان کیا جبکہ پیرامیڈیکس کے رسک الائونس اور پروفیشنل الائونس کی منظوری کا بھی اعلان کیا صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ رسک اور پروفیشنل الائونس کے بعد حکومت کو سالانہ 50 کروڑ روپے اضافی بوجھ برداشت کرنا پڑے گا تاہم ہم سمجھتے ہیں کہ مسائل کے حل کے لئے ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا مطالبات تسلیم کرنے کے بعد ہم امید کرتے ہیں کہ ڈاکٹرز اورپیرامیڈیکس اپنے فرائض منصبی احسن انداز میں سرانجام دیں گے بعدازاں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اور پیرامیڈیکس کی جانب سے حکومتی یقین دہانی کے بعد او پی ڈیز کے بائیکاٹ کو ختم کرنے کا اعلان کردیاگیا ۔