ستوکتلہ میں میاں بیوی اور دو بچوں کو قتل کرنے کے بعد آگ لگائی گئی،ابتدائی پوسٹمارٹم رپورٹ میں نیا انکشاف

سرفراز ، اسکی بیٹی آمنہ اوربیٹے شیر علی کے گلے کاٹے گئے، اہلیہ صباء کا گلا دبایا گیا ،ورثاء اور اہل علاقہ کا لاشیں سڑک پر رکھ کر مظاہرہ مشتعل مظاہرین نے زبردستی دکانیں بند کرا دیں،راہگیروں کو بھی زدو کوب کیا،تحقیقات جاری ہیں جلد حقائق سامنے آئینگے ‘ پولیس وزیر اعلیٰ شہباز شریف کا بھی واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار ،واقعہ کے بارے میں تفصیلی رپورٹ طلب کرلی

ہفتہ 17 مارچ 2018 23:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2018ء) ستوکتلہ میں واقع گھر میں پر اسرار آتشزدگی سے جھلس کر جاں بحق ہونے والے میاں بیوی اور انکے دو بچوں کی ابتدائی پوسٹمارٹم رپورٹ میں نیا انکشاف سامنے آیا ہے ، آتشزدگی سے قبل سرفراز اس کی بیٹی اور بیٹے کے تیز دھار آلے سے گلے کاٹے گئے جبکہ اہلیہ کو گلہ دبا کر قتل کیا گیا ،ورثاء اور اہل علاقہ نے لاشیں سڑک پر رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا جس سے ٹریفک کا نظام معطل ہو گیا ، مشتعل مظاہرین نے زبردستی دکانیں بند کر ادیں جبکہ راستے مانگنے والے راہگیروں کو بھی زدو کوب کیا ۔

تفصیلات کے مطابق ستوکتلہ میں جمعہ کی رات سرونٹ کوارٹر میں پر اسرار آتشزدگی کے نتیجے میں پینتیس سالہ سر فراز اس کی تیس سالہ بیوی صباء اور دو بچے پانچ سالہ آمنہ اور کمسن بیٹا شیرعلی جھلس کر جاں بحق ہو گئے تھے جن کی لاشیں ہسپتال منتقل کر دی گئی تھیں ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز جب لاشیں ورثاء کے حوالے کی گئیں تو ورثاء نے لاشیں گھر لیجانے کی بجائے ستوکتلہ روڈ پر رکھ کر احتجاج شروع کر دیا جس سے ٹریفک کا نظام معطل ہو گیا ۔

اس موقع پر مشتعل مظاہرین نے زبردستی دکانیں بند کرا دیں جبکہ راستہ مانگنے والے راہگیروں پر بھی زدو کوب کیا گیا ۔ ورثاء نے الزام عائد کیا کہ میاں بیوی کو بچوں سمیت قتل کرنے کے بعد آگ لگائی گئی ۔ پولیس ہمارے بیان کے مطابق مقدمہ درج نہیں کر رہی ۔ کچھ دیر بعد ابتدائی پوسٹمارٹم رپور ٹ سامنے آ گئی جس میں ورثاء کا شک درست ثابت ہوا ۔ بتایاگیا ہے کہ درندوں نے آگ لگانے سے قبل سرفراز، اس کی بیٹی آمنہ اور بیٹے شیر علی کے گلے کاٹے جبکہ سرفراز کی اہلیہ صباء کو قتل دبا کر قتل کیا ۔

پولیس افسران کے مطابق تمام پہلوئوں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے او رجلد حقائق سامنے آ جائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے بھی لاہور کے علاقے واپڈا ٹائون میں گھر میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے واقعہ کے بارے میں تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔