آصف علی زرداری سے چیئرمین سینٹ کی بلاول ہائوس میں ملاقات

پیپلزپارٹی نے بلوچستان کے لوگوں اور ہمیشہ صوبے کے حقیقی حقوق کے لئے جدوجہد کی ہے، صادق سنجرانی پیپلزپارٹی جمہوری نظام کے تحت بلوچستان کے عوام کی ترقی کے لئے ہمیشہ پیش پیش رہی گی، آصف علی زرداری

ہفتہ 17 مارچ 2018 23:13

آصف علی زرداری سے چیئرمین سینٹ کی بلاول ہائوس میں ملاقات
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2018ء) سابق صدراورپیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے سربراہ آصف علی زرداری سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ہفتہ کو بلاول ہائوس میں ملاقات کی اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کے تقرری سمیت باہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی کی سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کے عہدے کے لیے نامزد کردہ امیدوارسنیٹرشیری رحمن ،جان جمالی اور سنیٹر کہدا بابر اور دیگربھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینٹ میر صادق سنجرانی نے صدر آصف علی زرداری کا اپنے انتخاب میں ان کی پارٹی کی حمایت پرشکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے بلوچستان کے لوگوں اور ہمیشہ صوبے کے حقیقی حقوق کے لئے جدوجہد کی ہے۔سابق صدر زرداری نے انہیں چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور یقین دہانی کرائی کہ پیپلزپارٹی جمہوری نظام کے تحت بلوچستان کے عوام کی ترقی کے لئے ہمیشہ پیش پیش رہی گی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے تمام مسائل کا حل جمہوریت کو مضبوط بنانے اور بلوچستان کے عوام کے جمہوری حقوق کو یقینی بنانے میں مضمر ہے۔