سودی نظام معیشت ،قرضوں پر ملک چلانا نظریاتی مملکت کیخلاف سازش ہے مولانا عبدالحق ہاشمی

ملک کو قرضوں میں ڈبونے والے قوم کے خیر خواہ نہیں،امیرجماعت اسلامی بلوچستان

ہفتہ 17 مارچ 2018 23:11

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2018ء) جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ سودی نظام معیشت او رقرضوں پر ملک چلانا نظریاتی مملکت کے خلاف سازش ہے ملک کو قرضوں میں ڈبونے والے قوم کے خیر خواہ نہیں سودی نظام معیشت اور کرپٹ حکمرانوں سے چھٹکاراہی ملک کی ترقی وخوشحالی کی ضمانت ہے عالمی سودی مالیاتی اداروں نے لٹیروں کو قرض دیکر پاکستان کو معاشی غلام بنایاہے اب بھی وقت ہے کہ دیانت دار قیادت لاکر صالح ترقی یافتہ اسلامی پاکستان بنائی جائیں ۔

سی پیک میں بلوچستان کو نظرانداز کرنا اور مغربی روٹ پر کام شروع نہ کرنا بلوچستان کیساتھ قومی زیادتی وظلم ہے۔جماعت اسلامی بلوچستان کے سلگتے مسائل ومشکلات کو اجاگر اور ان کے حل کی جدوجہد کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے صوبائی دفتر میں وفود سے ملاقات کے دوران گفتگومیں کہی انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے نئے ٹیکس لگانے کے حوالے سے حکومت پاکستان کو دی گئیں ہدایات انتہائی تشویش ناک اور قومی مفاد کے منافی ہیں۔

ثابت ہوچکاہے کہ پاکستان کی معاشی پالیسیاں درحقیقت آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک چلارہے ہیں۔قرض ان اداروں سے لیکر ہڑپ کرکے بیرون میں منتقل کرنے والے کرپٹ حکمرانوں نے ملک کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے اپنی ڈنگ ٹپائو پالیسیوں کی بدولت حکمران عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ثابت ہوچکے ہیں۔ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے وسائل سے مالامال بنایا ہے مگر بدقسمتی اس بات کی ہے کہ محب وطن قیادت کے فقدان کی وجہ سے ہم بحیثیت قوم ساری دنیا میں کشکول پھیلانے پرمجبور ہیں۔

زرمبادلہ کے گرتے ذخائر نے مستقبل میں معاشی ترقی کے عکس کو دھندلا دیا ہے۔پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح5.6فیصد تک رہنے کی پیشنگوئیاں کی جارہی ہیں۔حکمرانوں کے عاقبت نااندیش فیصلوں کی بدولت عوام کودووقت کی روٹی تک میسر نہیں۔ملک کی نصف آبادی دوڈالر یومیہ کمانے سے بھی قاصر ہے۔معیشت کی صورتحال دن بدن خراب سے خراب ترہوتی چلی جارہی ہے۔

حکمرانوں نے مالی کرپشن کرکے اورپراجیکٹس میں کمیشن کھاکر قومی خزانہ کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کاسلسلہ جاری رکھا ہواہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔اگر پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے تو کرپشن کا قلع قمع کرتے ہوئے تما م کرپٹ عناصر کے خلاف سخت ترین اقدامات کرنے ہوںگے۔ ملکی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ سودی طرزمعیشت کاخاتمہ کرکے اسلامی طرزمعیشت کو اختیار کیاجائے۔

متعلقہ عنوان :