ْوالد کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جاتے گلے پر ڈور پھرنے سے چار سالہ بچی زندگی کی بازی ہار گئی

موٹر سائیکل گرنے سے والد اور بھائی زخمی ہو گئے ،پولیس حدود کے تعین پر جھگڑتی رہی وزیراعلیٰ پنجاب کا بچی کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار،سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی

ہفتہ 17 مارچ 2018 23:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2018ء) ملتان روڈ پر اپنے والد کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جاتے ہوئے گلے پر ڈور پھرنے سے چار سالہ بچی زندگی کی بازی ہار گئی، موٹر سائیکل گرنے سے والد اور بھائی زخمی ہو گئے ،وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ڈور پھرنے سے 4 سالہ بچی کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی۔

بتایا گیا ہے کہ وسیم نامی شخص اپنے اہل خانہ کے ہمراہ موٹر سائیکل پر ملتان روڈ چھپڑا سٹاپ سے گزر رہا تھا کہ چار سالہ بچی ماہ رخ کے گلے پر ڈور پھر گئی، توازن بگڑنے سے موٹرسائیکل بھی گر گئی جس سے وسیم اور اس کا بیٹا بھی زخمی ہوگئے۔ مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو سمن آباد ہسپتال پہنچایامگر ماہ رخ ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ گئی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ملت پارک، سمن آباد اور نواں کوٹ تھانوں کی پولیس حدود کے تعین پر جھگڑتی رہی۔ ڈی ایس پی سمن آباد نے جاں بحق بچی کی لاش کو زبردستی لواحقین کو گھر بھجوا دیا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ڈور پھرنے سے 4 سالہ بچی کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق بچی کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے افسوسناک واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور ہدایت کی ہے کہ غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پابندی کے باوجود پتنگ بازی کے واقعات انتہائی افسوسناک ہیں۔ پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔