فرنٹیئرفائونڈیشن کا 15سالہ تقریبات منانے کا فیصلہ

ہفتہ 17 مارچ 2018 23:09

پشاور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2018ء) فرنٹیئرفائونڈیشن نے 2018ء میں ادارے کے 15سال پورے ہونے پر 15 سالہ تقریبات منانے کافیصلہ کیا ہے،یہ فیصلہ فرنٹیئر فائونڈیشن کے چیئرمین صاحبزادہ محمد حلیم کی زیرصدارت اجلاس میں کیاگیا جس میں فرنٹیئرفائونڈیشن کے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹرفخرزمان،ڈائریکٹر پبلک ریلیشن فاروق مہمند،ڈایکٹر پراجیکٹ لائبہ فیاض اور فیلڈسٹاف بھی موجودتھا، صاحبزادہ محمد حلیم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2018ء میں ادارہ کی 15 سالہ تقریبات منائی جائیں گی، اس دوران ہیموفیلیا ڈے،تھیلی سیمیا ڈے، ورلڈ ڈونرڈے پر تقاریب کے انعقاد کے ساتھ ساتھ تھیلی سیمیاو ہیموفیلیا کے مریض بچوں کیلئے تفریحی پروگراموں کااہتمام بھی کیاجائے گا۔

انہوںنے کہا کہ 15سالہ تقریبات میں تھیلی سیمیا، ہیموفیلیا ودیگر امراض خون کے حوالے سے عوام میں شعور اجاگرکیاجائے گا تاکہ خون کے موروثی امراض میں آئے روز اضافہ کو ہرممکن حد تک کم کیاجاسکے،انہوں نے کہا کہ ادارہ مذکورہ موروثی امراض پر قابو پانے کیلئے گزشتہ 15 سال سے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے تاہم جب تک عوام کاتعاون حاصل نہیں ہوگا ہماری کامیابی ممکن نہیں کیونکہ جب تک عوام میں ان امراض کے حوالے سے شعور اجاگر نہیں کیاجاتا ہم آئندہ نسلوں کوخون کے موروثی امراض سے محفوظ بناسکتے ہیں نہ ان امراض سے پاک معاشرہ تشکیل پاسکتاہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے تمام سٹاف کو تقریبات کے انعقاد کے حوالے سے بھرپور تیاریوں کی بھی ہدایات جاری کیں۔