الیکشن کمیشن نے نئی حلقہ بندیوں کی فہرست جاری کردی

ہفتہ 17 مارچ 2018 22:38

الیکشن کمیشن نے نئی حلقہ بندیوں کی فہرست جاری کردی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2018ء) الیکشن کمیشن نے ملک بھر کی نئی حلقہ بندیوں کی فہرست جاری کردی ہے جس کے مطابق کراچی کے حلقوں کی تعداد میں قومی اسمبلی کے ایک اور صوبائی اسمبلی کے دو حلقوں کا اضافہ ہوا ہے، لیاری کے حلقے کو محفوظ کردیاگیا ہے۔ کراچی کے حلقے این اے 236 ملیر سے شروع ہوکر این اے 256 پر ختم ہوتے ہیں۔ کراچی کے حلقوں کا آغاز اس بار کیماڑی کے بجائے ضلع ملیر سے کیا گیا ہے اور اختتام کراچی کے ضلع وسطی میں کیا گیا ہے۔

کراچی میں اضلاع کی حدود کو کراس نہ کرنے کی وجہ سے مختلف حلقوں کی آبادی میں کافی زیادہ فرق آرہا ہے۔ ضلع ملیر کے حلقے 6 لاکھ 60 ہزار سے 6 لاکھ 73 ہزار تک رکھا گیا ہے۔ جبکہ ضلع کورنگی کے حلقوں کی آبادی 8 لاکھ 19 ہزار سے 8 لاکھ 59 ہزار تک رکھی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ضلع شرقی کے حلقوں کی آبادی 6 لاکھ 95 ہزار سے 7 لاکھ 26 ہزار تک رکھی گئی ہے۔ ضلع جنوبی کے حلقوں کی آبادی 8لاکھ 76 ہزار اور 9 لاکھ 8 ہزار سے زائد ہے۔

این اے 246 کا حلقہ لیاری سب ڈویژن پر مشتمل ہے جو اس وقت آبادی کے حساب سے کراچی کا سب سے بڑا حلقہ بن گیا ہے اور عملا اس کو پیپلز پارٹی کو مکمل محفوظ حلقہ قرار دیا جاسکتا ہے۔ اس میں گارڈن کے کچھ علاقے شامل ضرور ہیں جن کی مجموعی آبادی پونے تین لاکھ کے قریب ہے۔ ضلع غربی حلقوں کے حساب سے سب سے بڑا ضلع ہے جو 5 حلقوں پر مشتمل ہے۔ ضلع غربی میں حلقوں میں آبادی 7 لاکھ 66 ہزار سے 8 لاکھ 21 ہزار ہے۔ ضلع وسطی چار حلقوں پر مشتمل ہے جس کے حلقوں کی آبادی 7 لاکھ 33 ہزار سے 7 لاکھ 55 ہزار تک رکھی گئی ہے۔نوٹ : این اے 247 کی آبادی 8 لاکھ 76 ہزار 767 ہے اور چارٹ میں غلطی سے آخر میں ایک (1) اضافی لگا ، جس کی وجہ سے 86 لاکھ بن گیا ہے۔