رائیونڈ دھماکے کا مقصد بظاہر امن و امان تباہ کرنا تھا ،واقعے کی تفتیش درست سمت میں جاری ہے‘ آئی جی پنجاب

شہدا پنجاب پولیس کا قابل فخر سرمایہ ہیں جن کے اہل خانہ کی ویلفئر کے لئے پنجاب پولیس اپنے تمام وسائل کوبروئے کار لائیگی‘ عارف نواز

ہفتہ 17 مارچ 2018 22:29

رائیونڈ دھماکے کا مقصد بظاہر امن و امان تباہ کرنا تھا ،واقعے کی تفتیش ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ رائیونڈ دھماکے کے شہدا پنجاب پولیس کا قابل فخر سرمایہ ہیں جن کے اہل خانہ کی ویلفئر کے لئے پنجاب پولیس اپنے تمام وسائل کوبروئے کار لائے گی ،شہید سب انسپکٹر منظور احمد اور ان کے ساتھیوں نے بہادری اور فرض شناسی کی اعلی مثال قائم کرکے پولیس فورس کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے،فرض کی ادائیگی اور عوام کی جان و مال اور عزت و آبرو کے تحفظ کے لئے مجھ سمیت پولیس فورس کا ہر جوان اپنے خون کے آخری قطرے تک سر گرم عمل رہے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے رائیونڈ بم دھماکے میں شہید ہونے والے سب انسپکٹر منظور احمدکی رہائش گاہ پر شہید منظور کے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

آئی جی عارف نواز خان رائیونڈ بم دھماکے میں شہید ہونے والے سب انسپکٹر منظور احمد کی رہائش گا ہ پر گئے اور شہید کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شہید سب انسپکٹر منظور اور ان کے ساتھی محکمہ پولیس کے سر کا تاج ہیں اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ، وہمحکمہ پولیس کے بہادر آفیسر تھے جنہوں نے فرض کی راہ میں جام شہادت نوش کیا ہے۔

پنجاب پولیس بہت جلد رائیونڈ دھماکے کے ماسٹر مائنڈ اور اس کے سہولت کاروں کو بے نقاب کرتے ہوئے کیفر کردار تک پہنچائے گی۔انہوں نے شہید کے بچوں سے ملاقات کی اور کہا کہ شہید کے بچوں کی ویلفیئر پنجاب پولیس کے سربراہ کی حیثیت سے میری ذاتی ذمہ داری ہے اور ان بچوں کے تعلیمی اخراجات پنجاب پولیس ادا کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید منظور احمدکی فیملی ہماری اپنی فیملی ہے لہذا شہید کے اہل خانہ کی ویلفیئر کے حوالے سے شہداکے لواحقین کو کسی بھی قسم کا کوئی مسئلہ درپیش ہو تو میرے آفس کے دروازے ان کے لیے چوبیس گھنٹے کھلے ہیں ۔

آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ اس بم دھماکے کا مقصد بظاہر امن و امان تباہ کرنا تھا لیکن پنجاب پولیس کے بہادر افسروں اور اہلکاروں کی وجہ سے دہشت گرد اپنے مقاصد میں ناکام ہوئے اور اجتماع گاہ میں موجود شہری محفوظ رہے اور واقعے کی تفتیش درست سمت میں جاری ہے۔اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب پولیس کے 1400 سے زائد شہدا نے قوم کی جان و مال کے تحفظ کے لئے شجاعت کی اعلی مثالیں قائم کی ہیں اور مستقبل میں بھی اس روایت کو برقرار رکھتے ہوئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ۔